پنجشنبه, اکتوبر 24, 2024
Homeخبریںپاکستانی ریاست بربریت کی انتہاکرچکی ہے :بی این ایم

پاکستانی ریاست بربریت کی انتہاکرچکی ہے :بی این ایم

کوئٹہ (ہمگام نیوز )بلوچ نیشنل موومنٹ کے انفارمیشن سیکریٹری دل مراد بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج ،،فوج کے متوازی دہشت گردی کے منظم نیٹ ورک ،نیشنل پارٹی اور اس کے قیادت کے زیر سرپرستی میں قائم ڈیتھ سکواڈبلوچ قوم پر ظلم و جبر کی انتہا کررہے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر جاری آپریشن اورانسانیت سوزمطالم کی مناسب تصویر کشی کے لئے الفاظ اپنی اہمیت اور معنی کھوچکے ہیں لیکن میڈیا ،سول سوسائٹی اور عالمی اداروں کی کان میں جوں تک نہیں رینگتی۔ اس وقت بلوچستان میں کسی بھی جنگ زدہ خطے سے کئی درجہ بڑی انسانی المیہ جنم لے چکاہے۔ بلوچستان میں زندگی جینا ایک مشکل اور دردناک مسئلہ بن چکاہے۔ لوگ سال کے بارہ مہینے آتش و آہن کے برسات میں جی رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی ریاست بربریت کا انتہاکرچکاہے۔ کئی مہینوں سے بلوچستان کی بکھری آبادیوں کو بندوق کی نوک پر فوجی کیمپوں کے قریب منتقل کرانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ آواران ،جھاؤ،مشکئے کے پہاڑی سلسلوں میں آباد لوگوں کو فوج اپنے آبائی علاقوں کو چھوڑ کر فوجی کیمپوں کے قریب منتقل ہونے پر مجبورکیا جا رہاہے۔ وہ علاقے جہاں لوگ صدیوں سے آباد ہیں وہاں نقل مکانی کرکے اپنی روزی اوربودوباش کے ذرائع سے محروم ہورہے ہیں ۔

گزشتہ دن آواران کے گواش، کڈکور،مھرابی میتگ،گواش پیلار،محمد رحیم میت،گواش گوتوھی ،کماش نوربخش میتگ ،زنڈو نیل تاکی گاؤں فوج نے نذرآتش کرکے صٖفحہ ہستی سے مٹادیا اور ان تمام گاؤں کے خواتین اور بچوں کو گرفتار کرکے کیمپ منتقل کردیا اور آج انہیں اس شرط پر رہا کردیاکہ گاؤں کے لوگ واپس اپنی آبائی علاقوں میں نہیں جائیں گے بلکہ کیمپ کے قریب آبادرہیں گے۔ان ناقابل یقین مظالم سے لوگ اپنی متاع زندگی سے محروم ہونے کے بعد انتہائی بے بسی کے عالم میں بے یارومدد گار کھلے آسمان پڑے ہیں ۔

دل مراد بلوچ نے کہا کہ آج پاکستانی فوج نے آپریشن کرکے پیراندر کے علاقے جھکرو،درمانی بھینٹ سمیت کئی گاؤں میں لوٹ مار کرکے لوگوں کودھمکی دی ہے کہ کل تک آواران کے فوجی کیمپوں کے قریب منتقل ہوجائیں اگر منتقل نہیں ہوئے تو انہیں سنگین نتائج کا سامنا ہوگا۔ فوج کی جانب سے سنگین نتائج کو مطلب گاؤں کو صفحہ ہستی سے مٹانا اور لوگوں کو حراست میں لے کر لاپتہ کرنا ہی ہے جوکہ گزشتہ کئی سالوں سے مسلسل ہورہاہے ۔

دل مراد بلوچ نے کہا کہ پاکستان قومی تحریک کوکچلنے اور گزشتہ انتخابات کی ناکامی کابلوچ قوم سے شدیدانتقام لے رہاہے اور اس انتقام سے سینکڑوں لوگ اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔ ہزاروں لاپتہ ہیں، سینکڑوں گاؤں نذرآتش کئے جاچکے ہیں ،جب گاؤں کے گاؤں اس درندہ فوج کے ہاتھوں نذرآتش کئے جاتے ہیں تو اس کا اندازہ صرف وہی لوگ کرسکتے ہیں جو اس المیے سے دوچار ہیں ۔

انہوں نے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ بلوچستان جاری انتہائی انسانی بحران کا نوٹس لے کر پاکستان کو جوابدہ بناجائے۔ ہر گزرتے دن بلوچستان میں انسانی بحران اور المیہ میں نئے اضافے پرعالمی برادری کی خاموشی پر کئی سوالیہ نشان لگا چکاہے ۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز