پنجشنبه, مارچ 12, 2026
Homeخبریںپاکستانی فوج کے کیلکور میں درجنوں خواتین سے جنسی زیادتی کی ہے:...

پاکستانی فوج کے کیلکور میں درجنوں خواتین سے جنسی زیادتی کی ہے: بی این ایم

پنجگور (ہمگام نیوز) بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجگور کے علاقے کیلکور میں گذشتہ کئی دنوں سے پاکستانی فوج ایک تباہ کن آپریشن میں مصروف ہے۔ اسی جارحیت کے دوران پاکستانی درندہ فوج نے ایک درجن کے قریب خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔ ایک لڑکی کے والد کو مزاحمت پر گولیوں سے نشانہ بنا کر قتل کیا گیا۔ درندگی اور حیوانیت کا یہ واقعہ کیلکور کے گاؤں نکشلی میں پیش آیا ہے۔ قابض فوج نے ائیدی، جنچوپ اور نکشلی میں جنسی زیادتی، شہید مراد محمد بازار سمیت کیلکور کی زیادہ تر آبادی کو جبری نقل مکانی پرمجبورکردیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ کیلکور ہی سے متصل علاقہ ھوشاپ میں پاکستانی فوج نے چند ہفتہ پہلے ایک گیارہ سالہ بچہ امیر مراد کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ پچھلے مہینے مشکے میں بھی خواتین کو جنسی زیادتی بناکر ان کے خاندان کو خاموش رہنے کی دھمکی دی گئی تھی لیکن دوسرے ذرائع سے یہ خبر منظر عام پر آئی۔ اس طرح کے بے شمار واقعات رونما ہورہے ہیں لیکن مظلوم عوام پاکستانی فوج کی جبر کی وجہ سے اس پر بات کرنے سے کتراتے ہیں۔ پچھلے مہینے آواران میں نورجان نے اسی بنا پر خودکشی کی کہ اسے اپنی لڑکی کو فوجی کیمپ میں پیش کرنے کا کہا گیا تھا۔ ایک اور واقعہ میں تمپ سے گھرام ولد نادل کو گیارہ جون کو پاکستانی فوج نے اٹھا کر لاپتہ کیا اور چار دن بعد یعنی پندرہ جون کو گھر والوں کو فون کرکے گھرام کی لاش لے جانے کا کہا گیا۔ دوران حراست قتل اور جنسی زیادتیوں میں شدید تیزی آئی ہے۔

بی این ایم کے ترجمان نے کہا کہ چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) منصوبے کی روٹ پر واقع ہونے کی وجہ سے کیلکور اور اس کے گردو نواح کے علاقوں میں کئی فوجی کیمپ اور چھاؤنیاں قائم ہیں۔ یہاں سے لوگوں کو اٹھاکر غائب کرنا، فوجی آپریشنوں میں حصہ لینا اور تشدد کرنا عام ہیں۔ اب ان میں جنسی زیادتی کے اڈے قائم کیے گئے ہیں۔ ان اڈوں میں علاقائی خواتین اور بچوں کو سیکس سلیو (جنسی غلام) کے طور پر رکھنے کے واقعات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ہم کئی سالوں سے عالمی برادری کو یہ باور کرانے کی کوششوں میں ہیں کہ بلوچستان میں پاکستان کو لگام دیا جائے تاکہ وہ یہاں بنگلہ دیش کی تاریخ نہ دہرائے آج بنگلہ دیش کی تاریخ دُہرانے کا آغاز ہوچکا ہے، اس میں تیزی لائی جارہی ہے۔ اس سال کے پہلے چھ مہینے میں اس طرح کے بے شمار واقعات سامنے آئے ہیں۔ اسی وجہ سے یہاں سے کئی گاؤں کے لوگ ہجرت پر مجبور ہوچکے ہیں۔

ترجمان نے کہا ہم مہذب دنیا اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ جنگی جرم انسانیت کے جرم اور نسل کشی کے اقدام پر پاکستان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ بلوچ نیشنل موومنٹ کیلکور واقعہ سمیت پاکستانی حیوانیت کے خلاف سوشل میڈیا میں RapistArmyInBalochistan# کے ہیش ٹیگ سے ایک آن لائن مہم چلائےگی جس میں تمام انسان دوست،قوم دوست لوگوں سے حصہ لینے کی اپیل کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز