Homeخبریںپاکستانی فورسز نے ڈیتھ اسکواڈز کے ساتھ مل کر بلوچستان میں لوگوں...

پاکستانی فورسز نے ڈیتھ اسکواڈز کے ساتھ مل کر بلوچستان میں لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے. ترجمان بی ایس او آزاد

کوئٹہ (ہمگام نیوز) بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی فورسز اور ڈیتھ اسکواڈز کے ہاتھوں بے گناہ بلوچوں کے قتل پر ہمیں شدید تحفظات ہیں۔ خاران، نوشکی، پنجگور میں لوگوں کی ٹارگٹ کلنگ میں حالیہ اضافہ اور مشکے میں ریاستی حمایت یافتہ ڈیتھ اسکواڈز کی جانب سے تشدد کی کارروائیاں قابل مذمت ہیں لیکن اس کے باوجود انسانی حقوق کے علمبردار مقامی اور بین الاقوامی سطح پر خاموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں خاران میں ایک گھر پر پاکستانی فورسز نے چھاپہ مار کر نہتے اور بے گناہ لوگوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں عمران شاہوانی اور عامر شاہوانی نامی دو بھائی جاں بحق اور ایک بھائی لاپتہ ہے۔ دوسری جانب نوشکی میں ریاستی حمایت یافتہ ڈیتھ اسکواڈ نے سماجی کارکن حافظ نثار بادینی کو سرد مہری سے قتل کردیا۔ ایک اور واقعہ میں ریاستی حمایت یافتہ منشیات فروشوں نے مشکے میں ایک شخص کو بلا وجہ مار مار کر مفلوج کر دیا۔ ان تمام مظالم کے علاوہ ریاستی حمایت یافتہ ڈیتھ اسکواڈ نے پنجگور کے لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے کیونکہ قتل و غارت گری معمول کے مطابق شدت اختیار کر رہی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ معصوم بلوچ عوام پر اس طرح کے مظالم کو روکنے کے لیے ہم انسانی حقوق کی تنظیموں اور مہذب دنیا سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ایک قدم آگے بڑھیں اور بلوچستان کو ایک متنازعہ اور جنگی علاقہ قرار دیں۔ بے گناہ بلوچوں کے قتل کے خلاف سخت اقدامات کریں اور پاکستان کو ایسے تمام مظالم کا جوابدہ بنائیں۔

Exit mobile version