اسلام آباد(ہمگام نیوز)پاکستان میں ایک مسلم خاتون کو واٹس ایپ پر مذہب سے متعلق توہین آمیز پیغام ارسال کرنے کے جرم میں عدالت نے سزائے موت کا فیصلہ سنایا ہے۔ ملزمہ کی عمر 26 برس بتائی گئی ہے۔
پاکستانی شہر راولپنڈی میں مقامی عدالت نے بدھ کے روز ایک مسلم پاکستانی خاتون کو واٹس ایپ پر توہین مذہب اور توہین رسالت پر مبنی مواد ارسال کرنے کے جرم میں سزائے موت دینے کا فیصلہ سنایا۔
عدالت کے مطابق 26 سالہ پاکستانی خاتون کو مئی 2020 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر دین اسلام کے حوالے سے ‘توہین آمیز مواد‘ شائع کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ جب مذکورہ خاتون کے دوست نے انہیں یہ متنازعہ اسٹیٹس تبدیل کرنے کا کہا تو انہوں نے یہ مواد اسی کو فارورڈ کر دیا۔
دریں اثناء عدالت نے ملزمہ کو سزائے موت کے ساتھ ساتھ20 سال قید کا فیصلہ بھی سنایا۔
واضح رہے گزشتہ دسمبر میں سری لنکا کے ایک شہری جو پاکستانی شہر سیالکوٹ کی ایک فیکٹری میں بطور مینیجر کام کرتا تھا، مشتعل ہجوم نے توہین مذہب کے الزام میں تشدد کا نشانہ بنا نے کے بعد اس کی لاش کو بے رحمی سے آگ لگادی گئی تھی۔