اسلام آباد (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق پاکستان عورتوں کیخلاف دنیا کا بدترین ملک قرار دیا گیا ہے۔ 99.81 فیصد خواتین تعصبات کا شکار ہورہی ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق دنیا میں 90 فیصد ایسے مرد ہیں جو عورتوں کے خلاف تعصبات رکھتے ہیں اور 86 فیصد ایسی عورتیں ہیں جو عورت کے خلاف کم از کم کسی ایک تعصب کا شکار ہیں۔ جبکہ پاکستان اس حوالے سے بد ترین ملک ہے جہاں 99.81 فیصد افراد عورتوں کے بارے میں کم از کم کوئی ایک تعصب رکھتے ہیں۔
یہ انکشاف اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی کے’جینڈر سوشل نارمز انڈیکس‘میں کیا گیا ہے جس میں دنیا کے ایسے 75 ممالک کا جائزہ لیا گیا ہے جہاں دنیا کی 80 فیصد آبادی رہتی ہے۔
پاکستان میں ایسے لوگ جو عورتوں کے خلاف کسی قسم کے تعصب نہیں رکھتے ان کی تعداد صرف 0.19 ہے جبکہ وہ لوگ جو عورتوں کے خلاف کم از کم دو تعصبات کا شکار ہیں۔ انکی تعداد 98.07 ہے۔
دنیا میں چھ ملک ایسے ہیں جہاں لوگوں کی اکثریت کوئی تعصب نہیں رکھتی۔
گذشتہ روز جاری کیا جانے والا انڈیکس اس نوعیت کا پہلا انڈیکس ہے۔ اس جائزے کے مطابق دنیا کے آدھے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ مرد بہتر سیاسی رہنما ہوتے ہیں جبکہ چالیس فیصد کا خیال ہے کہ مرد بہتربزنس ایگزیکٹو ہوتے ہیں۔ رپورٹ میں یہ تسلیم کیا گیا ہے کہ جنسی تفریق میں کمی دیکھی گئی ہے مگر تعصبات کے حوالے سے صورت حال حوصلہ افزا نہیں ہے۔
یو این ڈی پی نے حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ان تعصبات کے خاتمے کے لئے بھی اقدامات اٹھائیں۔