شنبه, اکتوبر 12, 2024
Homeخبریںپاکستان نےتوقع کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف کاروائی نہ کی تو ان...

پاکستان نےتوقع کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف کاروائی نہ کی تو ان سے حساب لیا جائیگا:امریکہ

واشنگٹن (ہمگام نیوز ڈیسک ) امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے گزشتہ روز واشنگٹن ڈی سی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہماری توقع کے مطابق کردار ادا نہ کیا تو امریکہ اس سے جوابی طلبی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کا مطالبہ ہے کہ پاکستان اپنی مغربی سرحد پر دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہیں نہ بننے دے۔مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان پر اپنی توقعات یا مطالبات واضح کرچکا ہے اور اگر وہ ان توقعات پر پورا نہ اتر آیا ، اس نے ایمانداری سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی نہ کی تو اس سے حساب لیا جائے گا۔ایک سوال پر امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ہر کوئی افغانستان میں مفاہمت کا خواہش مند ہے جس کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان مین طالبان، حقانی نیٹ ورک اور دوسرے شدت پسند گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں حاصل نہ ہوں۔امریکہ سمجھتا ہے پاکستان افغانستان میں سرگرم دہشت گردوں کی سرپرستی کرتا آیا ہے اور اس کی حدود میں ان دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں جو افغانستان میں حملے کرتے ہیں۔پاکستان نے ہمیشہ اس الزام کی تردید کی ہے اور اس کا موقف ہے کہ حالیہ چند برسوں کے دوران سرحدی علاقوں میں کی جانے والی فوجی کارروائیوں کے بعد بقول ان کے دہشت گردوں کے ایسے تمام ٹھکانے ختم ہوچکے ہیں۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت افغانستان کے معاملے پر پاکستان کے خلاف سخت حکمتِ عملی اپنائے ہوئے ہے اور اس نے رواں سال کے آغاز پر پاکستان کو سکیورٹی مد میں دی جانے والی کروڑوں ڈالر کی امداد بھی روک دی تھی۔پاکستان کا موقف ہے کہ وہ افغان تنازع کے پرامن حل کا حامی ہے لیکن اس کے لیے تمام فریقوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔حال ہی میں پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے پہلی بار بظاہر واضح الفاظ میں کہا تھا کہ اسلام آباد افغانستان سے امریکی افواج کا فوری انخلا نہیں چاہتا اور اس کی خواہش ہے کہ امریکہ اپنے اہداف کے حصول اور وہاں صورتِ حال مستحکم ہونے تک افغانستان سے اپنی افواج واپس نہ بلائے۔مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ اگر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے اپنا متوقع کردار ادا نہ کیا تو امریکہ اس سے جواب طلبی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز