واشنگٹن(ہمگام نیوزڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کے سیکرٹری مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام امریکہ کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ایٹمی پروگرام امریکی سلامتی کو درپیش دنیا کے پانچ بڑے خطرات میں سے ایک ہے۔ مائیک پومپیو نے ایک اور موقع پر دنیا کو یہ بتا کرورطہ حیرت میں ڈال دیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نیا ورلڈ آرڈر لکھ رہے ہیں۔
حال ہی میں دئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکی سلامتی کو درپیش پانچ بڑے مسائل بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے غلط ہاتھوں میں لگ جانے کا خدشہ ان میں سے ایک ہے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہم نے پاکستان کے خلاف جو ایکشن لیے ہیں وہ ہم سے پہلے کسی حکومت نے نہیں لیے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے کو میں بہت سنجیدہ لیتا ہوں کیونکہ میں نے خود اپنے کئی دوستوں کو اس لڑائی میں کھویا ہے۔ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ہم نے گیارہ ستمبر کے حملوں سے بہت کچھ سیکھا ہے اور ہم نے پاکستان پر اس سلسلے میں مزید اقدامات کرنے کے لیے زور ڈالا ہے۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نامزد موجودہ سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو یہ ذمہ داری ادا کرنے سے قبل امریکی سی آئی اے کے سربراہ تھے ۔


