اسلام آباد(ہمگام نیوزڈیسک) میڈیا اطلاعات کے مطابق پاکستان کے خارجی و داخلی سیاسی محازوں پر مسلسل ناکامی کے بعد پاکستان کو درپیش سنگین معاشی صورتحال میں وزیر اعظم عمران خان نے وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان سے بھی استعفیٰ لے لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان سے استعفیٰ ناقص کارکردگی کی بنیاد پر لیا گیا ہے اور ان کی جگہ جلد نئے نئے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت ریونیو اور کامرس کے وفاقی وزراء بھی تبدیل ہوں گے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ کے نام کا بھی اعلان کیا جائے گا.واضع رہے وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے وزارت چھوڑنے سے متعلق بیان کے بعد اپوزیشن کی جانب سے موجودہ حکومت طنزیہ ردعمل کا سلسلہ جاری ہے۔بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ قوم کو مبارک ہو، پیپلز پارٹی کے مطالبے پر حکومت کی پہلی وکٹ اڑ گئی، عمران خان حکومت کی مزید وکٹیں بھی جلد گر جائیں گی اور حکومت کی پوری ٹیم 50 اوورز سے بہت پہلے پویلین لوٹ جائےگی۔ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اگر حکومت کی پالیسیاں بہت اچھی تھیں تو پھر اسد عمر کو وزرات خزانہ چھوڑنے کا کیوں کہا گیا ؟ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اسد عمر کا جانا اس بات کا واضع ثبوت ہے کہ عمران خان کی معاشی پالیسیاں ناکام ہیں، اصل مسئلہ اسد عمر نہیں بلکہ وزیراعظم عمران خان خود ہیں۔ جبکہ مستعفی اسد عمر کا اپنے استعفی بارے کہنا ہے کہ ’جب پچ اور موسم دونوں ناسازگار تھے ، مجھے بیٹنگ کے لیے بھیج دیا گیا ہے‘ بہت سوں کی آنکھیں کھول دینے کے لیے یہ بات اور اشارہ کافی ہے۔