پسنی (ہمگام نیوز) نامہ نگار کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی میں نامعلوم مسلح افراد نے مکران کوسٹل ہائی وے پر قائم پولیس ناکے کو آگ لگا دی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔
تفصیلات کے مطابق مکران کوسٹل ہائی وے پر واقع سوڈ پولیس ناکے کو نامعلوم مسلح افراد نے گھیرے میں لے کر نذر آتش کر دیا اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ آج دوپہر کو پیش آیا ہے جب چار موٹرسائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے اچانک ناکے پر حملہ آور ہو کر کمروں کو آگ لگا دی۔
اطلاعات کے مطابق مسلح افراد پولیس اہلکاروں کے موبائل فون بھی اپنے ساتھ لے گئے تاہم واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور ناکے پر تعینات ملازمین اسلحہ سمیت محفوظ رہے جبکہ حملے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے،واقعے کے بعد قابض سیکورٹی فورسز نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔


