مانسہرہ (ہمگام نیوز) پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ پر قاتلانہ حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جہاں ان کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی تاہم وہ خود اس حملے میں محفوظ رہے۔
تفصیلات کے مطابق منظور پشتیں اور ساتھیوں کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے مانسہرہ ٹول پلازہ پر ٹول پلازہ اہلکاروں اور سول کپڑوں میں ملبوس نامعلوم مسلح افراد نے اس وقت حملہ کردیا جب وہ بٹگرام سے واپس ساتھیوں سمیت لوٹ رہے تھے۔ جس وقت ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی اُس وقت گاڑی میں پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین، پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی کے رہنماء اور سابق سینیٹر عثمان کاکڑ اور دیگر رہنماء موجود تھے تاہم تمام افراد حملے میں محفوظ رہے۔ جس گاڑی میں وہ موجود تھے اس گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماء اور قومی اسمبلی کے رکن محسن داوڑ نے منظور پشتین، عثمان کاکڑ اور دیگر پر حملے کے سماجی رابطے کی ویبسائیٹ ٹوئیٹر پر رد عمل دیتے ہوئے اس حملے کی مذمت کی اور کہا کہ ریاستی ادارے مظلوموں و محکوموں کی زبان بندی کرنے کے لئے جبر کا سہارا لے رہی ہے۔


