لسبیلہ (ہمگام نیوز) پنجگور سے کراچی جانے والی بس اوتھل وایارو فارم کے قریب اُلٹ گئی جسکے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے میں 12 کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں کئی افراد کی حالت نازُک بتائی جارہی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 14 افراد میں سے 9 ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جن میں خواتین مرد اور بچے شامل ہیں جن کا تعلق پنجگور کے علاقے خدابادان سراوان سے بتایا جاتاہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ زیادہ اموات کی وجہ امدادی ٹیموں کا بروقت جائے حادثہ پر نہ پہنچنا ہے۔ حادثہ رات کو دو بجے کے قریب پیش آیا لیکن امداد ٹیمیں اور انتظامیہ صبح پانچ بجے جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جس کی وجہ سے کئی شدید زخمی ابتدائی طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے چل بسے۔
مقبوضہ بلوچستان میں پچھلے کچھ مہینوں سے حادثات کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔ اگر ان حادثات کی وجوہات دیکھی جائیں تو غیر معیاری سڑکیں، ڈرائیوروں کی غیر ذمہ داری اور قوانین کی عدم موجودگی وہ وجوہات ہیں جن سے انسانی زندگیاں ضائع ہورہی ہیں۔