Homeخبریں پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے:ڈاکٹر...

پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے:ڈاکٹر مالک بلوچ

کوئٹہ (ہمگام نیوز ) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ حکومت پولیس کی کارکردگی کوبہتر اور معیاری بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے ، پولیس کو چاہئے کے وہ اپنے اختیارات کا صحیح استعمال کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے اور چیک پوسٹ کلچر سے باہر آئے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے بلوچستان پولیس کی پانچویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈلیفٹینٹ جنرل ناصر جنجوعہ ، صوبائی وزراء اظہار حسین کھوسہ، عبدالرحیم زیارتوال، نواب محمد خان شاہوانی، سردار محمد اسلم بزنجو،مشیر برائے زاکوۃ حج اوقاف محمد خان لہڑی، اراکین اسمبلی ماجد ابڑو، ثمینہ خان ، آئی جی ایف سی جنرل شیر افگن، قائم مقام آئی جی پولیس احسن محبوب، صوبائی سیکرٹریزاور دیگر سول وفوجی افسران بھی موجود تھے۔ تربیتی کورس میں پاکستان آرمی کے زیر اہتمام پولیس کے 152اہلکاروں کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے اعلیٰ اور معیاری تربیت فراہم کی گئی ہے، وزیر اعلیٰ نے پاک آرمی، ایف سی اور دیگر اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کورس کی کامیابی پر پولیس اہلکاروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پولیس سول سوسائٹی کاایک اہم ادارہ ہے جس کے فرائض میں عوام کے جان ومال کا تحفظ اور معاشرے سے جرائم کا خاتمہ شامل ہے اور اگر پولیس اپنے ان فرائض سے صحیح معنوں میں عہدہ برا ہو تو یہ صوبے اور یہاں کے عوام کی خدمت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کی فضاء قائم تھی لیکن آرمی، ایف سی ، پولیس اور دیگر اداروں کی مربوط کوششوں سے صوبے میں امن کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور اگر پولیس اپنا کردار بہتر طریقے سے ادا کرتی رہے تو صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مخلوط صوبائی حکومت کی شروع ہی سے کوشش رہی ہے کہ پولیس کو سیاست سے دور رکھے ، یہی وجہ ہے کے گذشتہ دو سالوں سے ، پولیس میں جتنی بھی تعیناتیاں ہوئی ہیں ان میں میرٹ کو مقدم رکھا گیا ہے اور پولیس کو کسی بھی قسم کے دباؤ اور مداخلت سے آزاد رکھا گیا ہے تاکہ پولیس ایک بہتر ادارے کے طور پر ابھر کے سامنے آئے اور اس پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس کو جدید آلات سے لیس کرنے اور پولیس اہلکاروں کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لئے حکومت ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے، بہت سے علاقوں میں پولیس کو بلٹ پروف گاڑیاں بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ وہ اپنی ڈیوٹی بہتر طریقے سے بلاخوف سرانجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پولیس، بی سی اور لیویز کی تنخواہوں میں اضافہ کردیا ہے اب انہیں چاہیئے کہ وہ چیک پوسٹ کلچر سے باہر نکل آئیں، پولیس اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ اپنے عمل اوررویہ سے عوام کے دل میں جگہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قانون کی بالادستی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھار ہی ہے، پولیس کو اب پروفیشنل بننا ہوگا اور امن کے لئے کوششیں مزید تیز کرنا ہوں گی، یہ صوبہ اور ملک ہم سب کا ہے اور اس کا تحفظ اور خوشحالی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چینلنجزکا سامنا ہے جس سے نمٹنے کے لئے پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو محض ٹرانسفر ، پوسٹنگ کیلئے سفارش اور بدعنوانیوں سے خود کو دور کھنا اور ان کا خاتمہ کرناہوگا، ہم مشکل دور سے گزر رہے ہیں جس میں ہرادارے بالخصوص قانون نافذ کرنے والے اداروں کو صحیح سمت کی جانب گامزن رہتے ہوئے اپنا کام کرنا ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرحلہ وار بلوچستان لیویز اور بی سی اہلکاروں کو بھی اعلیٰ اور معیاری تربیت فراہم کی جائیگی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈ سدرن کمانڈر ناصر خان جنجوعہ نے کورس کی کامیابی پر پولیس اہلکاروں اور آفیسران کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کی عملی تربیت کا مظاہرہ دیکھ کر میرا حوصلہ مزید بلند ہوا ہے، یہ تربیت صرف پولیس کی نہیں بلکہ ہماری توجہ پورے بلوچستان کے عوام پر ہے ہم چاہتے ہیں کہ پولیس کو اس قابل بنایا جائے کہ وہ کامیابی کے ساتھ عوام کی جان، مال اور آبرو کا تحفظ کرسکے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم ترین صوبہ ہے جہاں پچھلے بارہ سال سے پولیس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں جسکی مثال نہیں ملتی، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں فتح ہماری ہی ہوگی، ہمیں اس مشکل وقت کا ہمت سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ پولیس اہلکار ڈیوٹی دے کر یہ ثابت کریں کہ ان پر وسائل صحیح صرف ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام میں پولیس کا بہت بڑا حصہ ہے، ایف سی، لیویز ، پولیس ہم سب ایک ساتھ ہیں اور آنے والا وقت مزید بہتر ہوگا، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے پولیس ، لیویز اور بی سی کو ضروری تربیت کی فراہمی میں ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے یہ تہیہ کر رکھا ہے کہ صوبے میں ہر صورت امن قائم کرنا ہے جو قابل تعریف ہے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام آئی جی پولیس احسن محبوب نے کہا کہ اب تک ایک ہزار پولیس اہلکار معیاری تربیت حاصل کرچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ پولیس اب اس قابل ہوچکی ہے کہ وہ دہشت گردوں کا مقابلے کر سکے اور اس سلسلے میں ہمیں وزیر اعلیٰ کی سرپرستی اور رہنمائی حاصل ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس عوام کو مایوس نہیں کریگی، قبل ازیں تربیت پانے والے پولیس اہلکاروں نے مہمانوں کے سامنے اپنی تربیت کا عملی مظاہرہ پیش کیا، تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ نے کورس کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں میں شیلڈ اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔

Exit mobile version