کابل(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق افغان نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سابق سربراہ رحمت اللہ نبیل نے گزشتہ روز ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ جب بھی پاکستان کے ساتھ پس پردہ معاہدے کیے جاتے ہیں تو عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے اہلکاروں کے محب وطن اور پاکستان مخالف جذبات شدت اختیار کرتے ہیں۔
ان کا دعوی ہے کہ اس وقت کچھ اور شرمناک سودے انگریزوں کی ثالثی کے ساتھ کیے جارہے ہیں ، جنھیں عوامی مفاد میں ظاہر کیا جارہا ہے ، لیکن ان کا نقصان افغانستان کو ہوگا۔
افغان نیشنل سیکورٹی کونسل کے سابق سربراہ رحمت اللہ نبیل نے صدر کے قومی سلامتی کے مشیر حمد اللہ محب کے ننگرہار اور کنڑ صوبوں کے دورے کے موقع پر دیئے گئے ریمارکس پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومت افغانستان پر سنجیدہ الزامات عائد کیے ہیں ان کا کہنا ہے کہ ان الفاظ کے پیچھے افغان حکومت پاکستان کے ساتھ انگریزوں کی ثالثی میں شرمناک معاہدے کر رہی ہے۔
قومی سلامتی کے سابق سربراہ کے مطابق ، اب تک چند ایسے معاہدے ہوچکے ہیں جن میں ڈیورنڈ لائن کو افغانستان کی سرزمین تک کھینچ لانا اور ڈیورںڈ لائن پر باڑ لگانا شامل ہیں۔
انھوں نے اس بارے میں مزید کہا کہ ایس او پی کے نام سے ایک ایسے معاہدے پر دستخط کیا گیا جس کے رو سے افغانستان پاکستان کے مخالفین کے خاتمے کے لیے ان کے ساتھ انٹلی جنس تعاون کرے گا، پاکستان کو ڈیورنڈ لائن پر مزید فوجی چوکیاں اور گیٹ وے بنانے کی اجازت ہوگی۔
ان کے مطابق اس معاہدے کے تحت کسٹمز اور تجارت کے نرخوں کو بھی پاکستان کے حق میں طے کیا گیا ہے۔
سابق قومی سلامتی کے عہدیدار نے بتایا کہ صدر غنی نے پیر ، 10 مئی کو صدارتی محل کے بند دروازوں کے پیچھے ڈھائی گھنٹے تک برطانوی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف سر نک کارٹر اور پاکستان کے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ایوان صدر میں نئے فوجی معاہدوں اور امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
رحمت اللہ نبیل کے مطابق ، ان معاہدوں میں افغان فوجیوں کی تعداد کم کرنے ، پاکستانی فوجی ٹرینرز کے ذریعہ ان کی تربیت ، افغان سرزمین پر مشترکہ فوجی اور انٹلیجنس آپریشن ، افغان فوج کو پاکستانی فوج اور انٹیلیجنس مدد فراہم کرنے، اسلام آباد کے ذریعے افغان دفاع اور سکیورٹی فورسز کے ہتھیاروں اور فوجی طیاروں کی مرمت ، پشتون تحفظ موومنٹ یا پی ٹی ایم کو دبانے اور کچھ دیگر امور پر باہمی سمجھوتے کیے گئے۔
انھوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ صدر غنی نے باقی 7000 طالبان قیدیوں کو افغان جیلوں سے رہا کرنے کا وعدہ کیا تھا اور وہ عوامی بدعنوانی سے بچنے کے لیے ایک لویا جرگہ طلب کرنا چاہتے ہیں۔
اس کے علاوہ یہ بھی یاد رہے کہ افغان صدر کے قومی سلامتی کے مشیر حمد اللہ محب نے جمعرات کے روز صوبہ ننگرہار میں ایک تقریر میں پاکستان پر شدید تنقید کرتے ہوئے اس کے خلاف سخت الفاظ استعمال کیے۔ مذکورہ تقریر میں انھوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اپنے جغرافیہ کو وسعت دینے کے لیے حکومت نواز گروہ کا استعمال کر رہا ہے۔
دریں اثناء پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں افغانستان کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے افغان مشیر قومی سلامتی کے بیان پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور افغانستان کے مشیر قومی سلامتی کی طرف سے پشتونوں سے متعلق لگائے گئے بے بنیاد الزامات مسترد کر دیے۔
واضح رہے کہ افغانستان کی قومی سلامتی کے مشیر حمد اللہ محب کے تصدیق شدہ سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ سے چند روز قبل ایک ویڈیو بیان جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ افغانستان سیکیورٹی فورسز جانتی ہیں کہ وہ کس کے لیے اور کس سے لڑ رہے ہیں، اس ہمسائے کے خلاف جس کی کوئی عزت و وقار نہیں ہے۔ وہ شیرشاہ سوری کو اپنا لیڈر کہتے ہیں، ان کے راکٹ کا نام غوری ہے اور ان کے گھروں کا نام غزنوی ہے۔
ایک اور ٹوئٹ میں حمد اللہ محب نے کہا تھا کہ پشتون قبائل پاکستان سے خوش نہیں ہیں۔ پشتونوں نے بغاوت کر دی ہے، بلوچ بھی اپنے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں اور جنھوں نے بھارت میں اپنی جائیدادیں چھوڑیں اور پاکستان میں قیام اختیار کیا انہیں مہاجر بلایا جاتا ہے۔