سه شنبه, مارچ 10, 2026
Homeخبریںپی ٹی ایم, منظور پشتین نے سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس...

پی ٹی ایم, منظور پشتین نے سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی

اسلام آباد(ہمگام نیوزڈیسک) میڈیا اطلاعات کے مطابق پاکستان کی پارلیمان اور پشتون تحفظ موومنٹ PTM کے درمیان پہلا باضابطہ رابطہ ہوا ہے جس میں پی ٹی ایم کے منظور پشتین نے سینیٹ کی خصوصی کمیٹی برائے قومی ہم آہنگی و یکجہتی کے اجلاس میں شرکت کی اور سینیٹ کے ارکان کو اپنے موقف سے آگاہ کیا۔3 گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں تمام اراکین اور پی ٹی ایم کی قیادت نے بھر پور تبادلہ خیال کیا۔

پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین نے کمیٹی کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاپتا افراد کی بازیابی، بارودی سرنگوں کو ہٹانے اور ایک حقائق و مصالحتی کمیشن تشکیل دینے کے لئے اقدامات کیے جائیں تاکہ ان علاقوں کے عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔

منظور پشتین نے کہا کہ سینیٹ کی کمیٹی پر پورا اعتماد ہے اور کمیٹی کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ہمارے مطالبات واضح ہیں اور ان کا حل انتہائی ضروری ہے۔سینٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کے مطابق کمیٹی اراکین نے پی ٹی ایم کے ان مطالبات کو جائز قرار دیا اور کہا کہ ان مسائل کا دیرپا حل نکالنا انتہائی لازمی ہے۔
کمیٹی نے ایک روڈ میپ بنانے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ جائز مطالبات پر ٹھوس سفارشات مرتب کرکے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ کمیٹی اراکین نے کہا کہ آج کا دن بڑا تاریخی دن ہے اور ایک تاریخی نشست ہوئی ہے جو کہ مسائل کے حل کی جانب اہم اقدم ہے۔ کمیٹی نے کہا کہ گفت و شنید کے اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔ کمیٹی میں سینیٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی اور پورے ایوان کی تائید حاصل ہے۔

خصوصی کمیٹی نے تجویز دی کہ سینٹ کی کمیٹی سے موثر رابطہ کاری کے لیے پی ٹی ایم اپنا فوکل پرسن مقرر کرے اور اپنے مطالبات کی فہرست تحریری شکل میں کمیٹی کے سامنے پیش کرے تاکہ ان کا تفصیل سے جائزہ لینے کے بعد رپورٹ مرتب کی جا سکے۔

اس اجلاس کی صدارت کمیٹی کے کنونیئر بیرسٹر محمد علی سیف نے کی، جب کہ دیگر ارکان میں سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، ستارہ ایاز، مشاہد حسین سید، سجاد حسین طوری، نصیب اللہ بازئی، ہدایت اللہ، دلاور خان، فدا محمد خان، سردار شفیق ترین، ثمینہ سعید، خانزادہ خان، میر کبیر احمد محمد شہی، پیر صابر شاہ اور مشاہد اللہ خان کے علاوہ ایم این اے محسن داوڑ اور پی ٹی ایم کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز