یکشنبه, نوومبر 24, 2024
Homeخبریںپی ٹی ایم کے وکیل کے گھر پر چھاپے کا دعویٰ، پولیس...

پی ٹی ایم کے وکیل کے گھر پر چھاپے کا دعویٰ، پولیس کا لاعلمی کا اظہار

پشاور (ہمگام نیوز)پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنماؤں پر درج مقدمات کی عدالتی پیروی کرنے والے وکیل قادر خان ایڈووکیٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ باوردی اہلکاروں نے ان کے گھر میں گھس کر تھوڑ پھوڑ کی اور گھر والوں کو ہراساں کیا، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ان کو ایسے کسی چھاپے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ مبینہ طور پر قادر خان کی کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع رہائش گاہ پر گذشتہ رات دیر سے پیش آیا، اور اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اہلکار وکیل کے ایک بیٹے کو بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
قادر خان ایڈوکیٹ کے مطابق کہ وہ کسی کام سے ضلع سانگھڑ گئے ہوئے تھے جب جمعرات کو رات گئے ان کے بیٹے نے انہیں فون کیا۔
قادر خان ایڈووکیٹ کے مطابق اہلکار تین موبائل گاڑیوں اور ایک جیمر والی گاڑی میں آئے تھے۔

انہوں نے بتایا: ’میں نے رات کو ہی متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو فون کیا، مگر ایس ایچ او نے کہا ان کو چھاپے کے متعلق معلوم نہیں۔ صبح میں نے دوبارہ پولیس اور پیراملٹری سے معلوم کیا، مگر دونوں نے کہا کہ ان کو اس سے متعلق نہیں معلوم کہ چھاپہ کس نے اور کیوں مارا۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ اس طرح گھر پر چھاپے کے کیا وجوہات ہوسکتی ہیں، تو انہوں نے کہا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں اور نہ ہی انہوں نے کچھ کیا ہے۔

قادر خان نے کہا: ’میرے خیال میں پشتون تحفظ موومنٹ کے مقدمات کی پیروی ہی ممکنہ طور پر اس کا سبب ہوسکتی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا: ’بیٹے نے بتایا کہ کچھ اہلکار گھر میں گھس آئے تھے اور تھوڑ پھوڑ کے ساتھ بچوں کے سکول بیگ کی بھی تلاشی لے رہے تھے۔ اہلکاروں نے گھر والوں کو ہراساں بھی کیا۔‘
واضح رہے کہ ٹوئیٹر میں پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین نے قادر خان کے بیٹے کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور چھاپے کے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز