کراچی (ہمگام نیوز ڈیسک) توسیع پسند چائنا نے قابض پاکستان کے فضائی دفاع کو مضبوط کرنے کیلئے ایل – وائی 80 میزائل ڈیفینس سسٹم فراہم کر دیا، معاہدے کے تحت پاکستان کو ایل -وائے 80 میزائل ڈیفنس سسٹم کی کل 9 بیٹریاں فراہم کی گئی ہیں، ہتھیار کو سرحد پر نصب کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے انڈیا کی جانب سے کسی بھی ممکنہ اقدام کو روکنے کیلئے فضائی اور زمینی حدود کی حفاظت کیلئے نیا ائیر ڈیفنس سسٹم حاصل کر لیا ہے ۔
نیا ائیرڈیفنس سسٹم چینی ساختہ ہے جس میں کم رینج والے زمین سے ہوا میں مار کرنے والے میزائل، نگرانی کرنے والے ریڈار اور ڈرون شامل ہیں۔ رپورٹس کے مطابق سرحدوں پرزمین سے ہوا میں مار کرنے والے ایل وائی 80 میزائل اور آئی بی آئی ایس150 ریڈار کے پانچ یونٹ نصب کیے گئے ہیں۔
میزائلوں اور ریڈارکے علاوہ پاکستان نے چینی ساختہ رین بو سی ایچ4 اور رین بو سی ایچ5ڈرون بھی سرحد پر تعینات کیے ہیں تا کہ انڈیا کے کسی بھی جہاز کی آمد کا پیشگی پتہ لگایا جا سکے ۔
پاکستان اور چین کے درمیان ایل وائی 80 میزائل ڈیفنس سسٹم کی کل 9 بیٹریوں کی فراہمی کا معاہدہ ہوا تھا۔ اب چین نے معاہدے کے تحت پاکستان کو ایل وائی 80 میزائل ڈیفنس سسٹم کی تمام 9 بیٹریاں فراہم کر دی ہیں۔ اس میزائل ڈیفنس سسٹم کو دنیا کے جدید ترین ائیر ڈیفنس میزائل سسٹم میں سے ایک تصور کیا جاتا ہے۔ اس جدید ترین ہتھیار کے حصول کے بعد اب انڈیا کیلئے پاکستان کے فضائی حدود کی خلاف ورزی کو کافی مشکل بنائی جارہی ہے۔واضع رہے مقبوضہ بلوچستان میں تو سیع پسند چائنا کی مسلسل یہ کوشش رہی ہے کہ ‘سی پیک’ اور ‘ون بیلٹ ون روڈ ‘ جیسے استعصالی منصوبوں اور جیو انٹر نیشنل پولیٹکس کے تناظر میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر وہ اپنے مفادات کے تحفظ کی خاطر اپنے جدید عسکری نظام کو پاکستان میں منتقل کرے۔


