Homeخبریںڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ کو عمر قید کی...

ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ کو عمر قید کی سزا، نیشنل پارٹی سندھ کا اظہارِ تشویش

کراچی(ھمگام نیوز ) نیشنل پارٹی سندھ کے صدر تاج مری نے بی وائی سی کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ کو عمر قید کی سزا سنائے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں بھی ایسے متعدد فیصلے سامنے آتے رہے ہیں جن کے سیاسی اور سماجی سطح پر دور رس منفی اثرات مرتب ہوئے، جبکہ کئی فیصلے آج بھی ریاست اور عدلیہ پر بدنما داغ کے طور پر موجود ہیں۔

جاری بیان میں تاج مری نے کہا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت دیگر سیاسی رہنما آئین پاکستان کے آرٹیکل 10-اے کے تحت شفاف اور منصفانہ ٹرائل کے حق کا مطالبہ کر رہے تھے، تاہم انہیں یہ بنیادی آئینی حق فراہم کرنے کے بجائے عمر قید کی سزا سنائی گئی، جو ان کے بقول غیر آئینی اور غیر منصفانہ اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون ہر شہری کو منصفانہ ٹرائل کا حق دیتے ہیں، جبکہ انصاف کے تقاضے پورے کیے بغیر کیے جانے والے فیصلے نہ صرف عوامی اعتماد کو متاثر کرتے ہیں بلکہ ریاستی اور عدالتی اداروں کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔

نیشنل پارٹی سندھ کے صدر کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسائل کو سنجیدگی، سیاسی بصیرت اور آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے سمجھنے اور حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مسائل کے سیاسی حل، مکالمے اور آئینی راستوں کا اختیار کرنا ہی دیرپا امن، استحکام اور عوامی اعتماد کی بحالی کی ضمانت فراہم کر سکتا ہے۔

بیان کے آخر میں انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے سیاسی مسائل کے حل کے لیے جمہوری اور آئینی ذرائع کو ترجیح دی جائے تاکہ خطے میں پائیدار امن اور سیاسی استحکام کو فروغ مل سکے۔

جاری کردہ:

انفارمیشن سیکریٹری، سندھ وحدت

یہ بھی پڑھیں

فیچرز