کوئٹہ(ھمگام نیوز ) بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کے رہنماؤں کی رہائی کے مطالبے کے ساتھ جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ اقدامات سے بلوچ نوجوانوں کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ اگر وہ پُرامن سیاست، اپنے حقوق کے مطالبے اور جمہوری ذرائع سے آواز بلند کرنے کی کوشش کریں گے تو ریاستی مشینری انہیں خاموش کرنے اور دبانے کے لیے پوری طاقت استعمال کرے گی۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ بلوچوں کے لیے قانون، انصاف اور اخلاقی اصولوں کی عملداری موجود نہیں، جبکہ طاقت، جبر اور خوف پر مبنی نظام مسلط کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق اختلافِ رائے اور سیاسی مطالبات کو برداشت کرنے کے بجائے انہیں دبانے کی پالیسی اختیار کی جا رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پُرامن سیاسی سرگرمیوں اور بنیادی حقوق کے مطالبات کو جرم کے طور پر پیش کرنا جمہوری اقدار اور سیاسی آزادیوں کے منافی ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ بی وائی سی کے رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیوں کا خاتمہ کیا جائے۔
بیان کے اختتام پر #ReleaseBYCLeaders کے ہیش ٹیگ کے ساتھ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ دہرایا گیا۔


