سه شنبه, نوومبر 26, 2024
Homeخبریںڈنمارک :سویڈن کی لاپتہ خاتون صحافی کی سر بریداہ لاش مل گئی۔

ڈنمارک :سویڈن کی لاپتہ خاتون صحافی کی سر بریداہ لاش مل گئی۔

کوپن ہینگن(ہمگام نیوز) ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں پولیس کو سویڈن کی لاپتہ خاتون صحافی کِم وال کی سربریدہ لاش مل گئی ہے۔ یہ سویڈش رپورٹر ایک ایسے ڈینش موجد کے بارے میں ایک رپورتاژ تیار کرنا چاہتی تھی، جس نے ایک آبدوز بنائی تھی۔ کوپن ہیگن سے بدھ تیئس اگست کو ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق پولیس نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں تصدیق کر دی ہے کہ ڈینش دارالحکومت کے قریب ساحلی پانیوں سے ایک خاتون کی جو سربریدہ لاش ملی تھی، اس کے ڈی این اے ٹیسٹ سے ثابت ہو گیا ہے کہ وہ لاش کِم وال ہی کی ہے۔ یہ صحافی ڈنمارک کے ایک ایسے شہری اور موجد کے بارے میں ایک رپورتاژ تیار کرنے نکلی تھی، جس نے ایک آبدوز بنائی تھی، لیکن اپنی اس پیشہ ورانہ کوشش کے دوران وہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ اس 30 سالہ خاتون کو آخری مرتبہ 10 اگست کے روز ڈینش انجینیئر پیٹر ماڈسین کی تیار کردہ آبدوز پر دیکھا گیا تھا، جس کے بعد سے وہ لاپتہ تھی۔ روئٹرز نے لکھا ہے کہ پیٹر ماڈسین ایک ایسے ڈینش موجد ہیں، جو آبدوزیں اور راکٹ بناتے ہیں اور اس انجینیئر کی شخصیت سے متعلق اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کے بعد جب کِم وال واپس سویڈش نہ پہنچیں تو ان کے اہل خانہ نے پولیس اور سمندری ریسکیو کے محکمے کو مطلع کر دیا تھا لیکن کِم وال کا کچھ پتہ نہیں چلا تھا۔ اس بارے میں پولیس نے ماڈسین سے پوچھ گچھ بھی کی تھی، جنہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے آبدوز کے دورے کے بعد کِم وال کو دوبارہ ساحل پر چھوڑ دیا تھا، جس کے کچھ دیر بعد ان کی بنائی گئی آبدوز میں ایک تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی تھی۔ ماڈسین نے یہ بھی کہا تھا کہ اس خرابی کے بعد ان کی بنائی ہوئی آبدوز سمندر میں ڈوب گئی تھی اور انہیں سمندری ریسکیو کے محکمے کے کارکنوں نے بچایا تھا۔ پولیس کو ماڈسین کے بیانات پر شبہ تھا، جنہیں اسی دوران گرفتار بھی کر لیا گیا تھا۔ پھر ماڈسین نے دوران حراست اپنا بیان بدل کر یہ اعتراف بھی کر لیا تھا کہ کِم وال آبدوز پر پیش آنے والے ایک حادثے میں ہلاک ہو گئی تھیں۔ ماڈسین نے یہ بھی بتایا تھا کہ کِم کی موت کے بعد انہوں نے اس خاتون صحافی کی لاش ایک قریبی ساحلی علاقے میں پانی میں پھینک دی تھی۔ یہ بات ابھی تک واضح نہیں کہ کِم وال کی موت کن حالات میں ہوئی اور آبدوز پر کیا صورت حال پیش آئی تھی۔ پیٹر ماڈسین ابھی تک پولیس کی حراست میں ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق کِم کی لاش دو دن قبل پیر کے روز کوپن ہیگن کے قریب ایک جزیرے کے ساحل سے کچھ ہی دور ملی تھی اور اس لاش کے سربریدہ ہونے کے ساتھ ساتھ کِم وال کے دونوں ہاتھ اور دونوں ٹانگیں بھی کٹی ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز