ڈیرہ بگٹی (ہمگام نیوز) ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی سے سی ٹی ڈی اور آئی ایس آئی کے اہلکاروں کے ہاتھوں جبری طور پر لاپتہ کیے گئے قبائلی رہنماؤں کو غائب کیے چار دن ہو چکے ہیں، مگر ان کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
تفصیلات کے مطابق 23 جولائی کو ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے تحصیل بازار سے سی ٹی ڈی اور آئی ایس آئی کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے دو قبائلی رہنماؤں سمیت چار افراد کو حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔ لاپتہ افراد میں وڈیرہ بشیر بگٹی اور وڈیرہ پہاڑی بگٹی شامل ہیں، جو زین کوہ، ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھتے ہیں، جب کہ ان کے دو ساتھی بھی اسی کارروائی کا نشانہ بنے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ قبائلی رہنما بلوچستان کے وزیرِ اعلیٰ، سرفراز بگٹی کے سیاسی مخالفین میں شمار ہوتے ہیں، جنہیں وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر سیکیورٹی اداروں نے جبری طور پر لاپتہ کیا۔


