ڈیرہ بگٹی ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے علاقے بیکڑ میں بی لوٹی کے مقام ’کھجوری‘ میں گیس تلاش کرنے والی ایک کمپنی کے کیمپ کو نامعلوم مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔
حملے کے بعد کیمپ کی حفاظت پر مامور سرکاری مسلح گروہ اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ایس پی نارتھ ڈیرہ بگٹی سردار محمد ہاشم نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروہ کا ایک کارندہ ہلاک، جبکہ تین زخمی ہو گئے ، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے انڈس ہسپتال سوئی پہنچایا گیا۔ بعد ازاں انہیں ایئر ایمبولینس کے ذریعے سکھر منتقل کر دیا گیا۔
ایس پی کے مطابق اطلاعات ملتے ہی فورسز اور ایف سی کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔
مقامی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے مقابلے میں کم از کم پانچ حملہ آور مارے گئے، جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فورسز اور سرکاری مسلح گروہ کے اہلکاروں نے باقی ماندہ حملہ آوروں کو محاصرے میں لے رکھا ہے اور کارروائی جاری ہے۔
دوسری جانب قابض فورسز نے جاری بیان میں دعوی کیاہے کہ مقابلے میں 13 مسلح افراد ھلاک اور 7 کو زندہ پکڑ لیاگیا ہے ۔
تاہم اس حوالے سے مسلح حملہ آوروں یا علاقائی ذرائع نے فورسز دعوی کی تصدیق یا تردید ابتک نہیں کی ہے ۔


