ڈیرہ غازی خان (ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق کل بروز اتوار سہ پہر کے وقت ضلع ڈیرہ غازیخان میں پاکستان ریلوے ٹریک پر بم کے زور دار دھماکے سے ٹریک کو نقصان پہنچایا گیا۔
دھماکے کے فورا بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اختر فاروق، سی ٹی ڈی کے اہلکار، ریلوے پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں موقع پرپہنچ گئیں۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بروز اتوار 3 مئی شام پانچ بجے ڈیرہ غازیخان سے کراچی جانے والی ٹریک کو گدائی چونگی کوئٹہ روڈ کے مقام پر بارودی مواد کے دھماکے سے اڑادیا گیا۔
بم دھماکہ کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ غازیخان اختر فاروق پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
ڈی پی او نے کہا کہ واقعہ کی فوری تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور اس کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جا ئے گا۔
واضح رہے ڈی پی او کی ہدایت پر ضلعی پولیس، سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے کر ابتدائی شواہد اکٹھے کر نے شروع کر دیئے ہیں موقع پر موجود عینی شاہد فیاض نے بتایا کہ مقامی لوگ قریبی مسجد میں نماز عصر ادا کررہے تھے کہ خوفناک اور زور دار بم دھماکے کی آواز سنائی دی، اور آس پاس کے بڑی بڑی عمارتیں لرز گئیں۔ نمازی اور اہل علاقہ دھماکے کیے آواز کی جانب گئے تو دیکھا کہ ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔
دھماکے کی وجہ سے ریلوے ٹریک پر گڑھا بھی پڑ گیا ہے۔ علاقے میں دھماکے کی وجہ سے خوف و حراس پھیل گیا،علاقے کے لوگوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی فوری طور پر تحقیقات کر کے ملزمان کو گرفتار کیا جا ئے۔
آخری اطلاعات آنے تک اس واقعے کی زمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔
یاد رہے ماضی میں پنجاب میں پاکستانی فوج کی بلوچستان میں جارحیت کے خلاف بطور احتجاج بلوچ مزاحمت کاروں نے حکومتی تنصیبات پر بم دھماکے سے سبوتاژی حملے کئے ہیں۔ حملوں کی زد میں آنے والی سرکاری تنصیبات میں ریلوے ٹریک بھی شامل ہیں جن کی بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیموں نے ذمہ داریاں بھی قبول کی ہیں۔


