کراچی ( ہمگام نیوز) کراچی کے علی محمد گوٹھ میں پراسرار بیماری سے ایک اور بچہ انتقال کرگیا۔ کراچی میں کیماڑی ٹاون کے علی محمد گوٹھ میں ایک اور بچہ پراسرار بیماری کی بھینٹ چڑھ گیا۔
جاں بحق ہونے والے بچے کانام عبدالحلیم ولد عبدالوہاب اور اس کی عمر 3 سال تھی۔ اہل علاقہ کے مطابق عبدالحلیم کے انتقال کے بعد اب تک 20 افراد اس پراسررا بیماری سے لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ سندھ حکومت نے 16 افراد کی تصدیق کی ہے۔
بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ عبدالحلیم چند روز سے بیمار تھا ، محکمہ صحت کے میڈیکل کیمپ میں بھی اس کا علاج ہوتا رہا، گزشتہ رات اچانک طبیعت خراب ہوئی اور انتقال کرگیا۔ دوسری جانب علاقہ مکین نے شکوہ کیا ہے کہ محکمہ صحت کی ہدایت ہے 24 گھنٹے میڈیکل کیمپ ، ڈاکٹروں کی ٹیم اور ایمبولینس موجود رہے گی لیکن گزشتہ رات علاقے میں نا تو میڈیکل ٹیم موجود تھی اور نہ ہی کوئی ایمبولینس۔ واضح رہے کہ ان ہلاکتوں کی وجوہات کا تعین اب تک نہیں کیا جاسکا تا ہم اس علاقے میں قائم چند فیکٹریوں کو سیل کیا گیا ہے۔