Homeخبریںکراچی اسٹاک ایکسچینج پر نامعلوم مسلح افراد کا حملہ، 4 پولیس اہلکار...

کراچی اسٹاک ایکسچینج پر نامعلوم مسلح افراد کا حملہ، 4 پولیس اہلکار سمیت پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈ ہلاک

کراچی (ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق آج صبح 10 بجکر 5 منٹ پر 4 کار سوار مسلح افراد نے آئی آئی چندریگر روڈ سے متصل گلی میں واقع پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کیا۔

گاڑی میں سوار مسلح افراد نے گاڑی گیٹ پر چھوڑ کر اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی تو ابتدا ہی میں فورسز کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ مرکزی دروازے پر تعینات پولیس اہلکاروں اور نجی سکیورٹی گارڈ نے حملہ آوروں کو روکنے کیلئے جوابی کاروائی کی۔ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈ، ایک پولیس اہلکار ہلاک اور تین دیگر اہلکار زخمی ہوگئے تاہم چاروں مسلح حملہ آوروں کے جانبحق ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔

حملہ آوروں سے آدھے گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا جس میں چاروں مسلح افراد جانبحق اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے انٹر نیشنل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آوروں کے خلاف پولیس کی بروقت کارروائی سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں موجود تمام عملہ اور عمارت بڑی تباہی سے محفوظ رہی۔ان کے بقول ” مسلح افراد جدید ہتھیاروں اور دستی بموں سے لیس تھے اور عمارت میں موجود عملے کو یرغمال بنانا چاہتے تھے”۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے رکن ممتازتاجرظفرموتی کا کہنا ہے ہمیں کئی سالوں سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔پہلے سے الرٹ سکیورٹی ہونے کے باعث مسلح افراد اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں نہ گھس سکے۔ کورونا وائرس کے باعث عمارت میں لوگ بھی کم تھے عام حالات میں چھ سے سات ہزار افراد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں موجود ہوتے ہیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بورڈ آف ڈائریکٹر عابد علی کے مطابق حملہ ملکی معیشت کوتباہ کرنے کی ایک سازش ہے لیکن ہم نے ٹریڈنگ جاری رکھ کر حملہ آوروں کوجواب دے دیا ہے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اب بھی ٹریڈنگ جاری ہے ۔ اسٹاک ایکسچینج کی غیر معمولی حیثیت کے باعث اسٹاک عمارت میں سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے گئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ پولیس نے حملہ آوروں کا اسلحہ اور گاڑی قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

Exit mobile version