کراچی (ہمگام نیوز) کراچی کے علاقے سائٹ کے فیکٹری مالکان سے بھتہ خوری میں ملوث 8 رکنی گروہ کو سائٹ اے پولیس نے سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔
ملزم کو علاقے کے سابق ایس ایچ او کی سرپرستی بھی حاصل رہی۔
سائٹ اے تھانے کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) زوار حسین کے مطابق گرفتار ملزم یعقوب خان کے خلاف متعدد مقدمات پہلے سے درج ہیں۔
ملزم نے گزشتہ رات انوسٹی گیشن پولیس کو بھی ساتھیوں سمیت یرغمال بنا لیا تھا۔ ملزم اپنے خلاف مقدمات درج ہونے پر ساتھیوں کو لے کر احتجاج کرنے کیلئے تھانے کے باہر پہنچا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی ہنگامہ آرائی کرنے پر پولیس نے شیلنگ کی اور یعقوب خان کو اس کے سات ساتھیوں اسد ولد عبد الحق، فرحان اکبر، ناصر خان، ایوب خان، سلمان اکبر، یونس اور دیگر کے ہمراہ گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کے دیگر کچھ ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔
ملزم یعقوب خان کے خلاف سائٹ اے میں فیکٹری مالک سے بھتہ طلب کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے دوران تفتیش بتایا کہ ملزم کو سابقہ مقامی ایس ایچ او کی سرپرستی حاصل تھی۔
گزشتہ روز پولیس افسران نے انوسٹی گیشن پولیس کو ملزم کی جانب سے یرغمال بنانے کے بعد ایس ایچ او ظفر شاہ نے انوسٹی گیشن پولیس کی مدد نہیں کی تھی۔
پولیس افسران نے ایس ایچ او سائٹ اے کو معطل کردیا تھا۔ ملزم یعقوب خان کے خلاف درجنوں درخواستیں تھانے میں موجود ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتاری کے بعد ملزم سے انوسٹی گیشن کی خصوصی ٹیمیں تفتیش کر رہی ہیں۔
ملزم یعقوب خان کیخلاف سائٹ ایریا میں منظم طریقے سے بھتہ خوری کا نیٹ ورک چلانے کا الزام ہے۔