کراچی ( ہمگام نیوز ) ویب ڈیسک کے مطابق کراچی پریس کلب (کے پی سی) کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ متعدد سادہ لباس مسلح اہلکاروں نے کلب میں داخل ہوکر صحافیوں کو ہراساں کیا۔
کے پی سی حکام کا کہنا تھا کہ ’رات 10 بجکر 30 منٹ پر کے پی سی میں درجنوں سادہ لباس مسلح افراد داخل ہوئے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مسلح افراد نے صحافیوں کو ہراساں کیا مختلف کمروں، کچن، بلڈنگ کی بالائی منزلوں اور اسپورٹس ہال کا جائزہ لیا جبکہ انہوں نے جبری طور پر ویڈیوز بھی بنائی اور موبائل کیمرے سے تصویریں بھی لیں‘۔
واقع پر صحافیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور صحافیوں کی جانب سے ان اہلکاروں سے باز پرس کی گئی جس کا انہوں نے اطمینان بخش جواب نہیں دیا۔مسلح افراد 6 ڈبل کیبنز، لینڈ کروزرز، پراڈو اور دیگر گاڑیوں میں آئے تھے جن کے ساتھ ایک پولیس کی گاڑی بھی موجود تھی۔
پریس کلب کے صدر، احمد خان مالک اور سیکریٹری مقصود یوسف یوسفی نے واقعے کو پریس کلب کے تقدس کو پامال کرنے کی سازش قرار دیا۔
صحافیوں نے واقعے پر آج کے روز احتجاج کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔


