کراچی ( ہمگام نیوز) اہلسنت و الجماعت کے مرکزی رہنما اورنگزیب فاروقی کا کہنا ہے کہ گلشن معمار میں ایک مدرسے سے مولانا منظور مینگل سمیت نوے کے قریب طلبہ کو حراست میں لے لیاگیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ رینجرز نے یہ کارروائی کی ہے، اس کے علاوہ اہل سنت و الجماعت کے مقتول رہنما ڈاکٹر فیاض کے گھر بھی چھاپہ مارا گیا، حالانکہ وہاں صرف خواتین موجود تھیں۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے واضح کیا کہ اہل سنت و الجماعت کا اسماعیلیوں سے کبھی کوئی جھگڑا نہیں رہا وہ چار دیواری کے اندر اپنی رسومات ادا کرتے ہیں۔دوسری جانب رینجرز کے اعلامیے کے مطابق سہراب گوٹھ، نیو سبزی منڈی اور آس پاس کے علاقے میں کالعدم جماعتوں کی پناہ گاہوں پر چھاپے مارکر 70 کے قریب مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، تاہم اس اعلامیے میں کسی مدرسے کا ذکر نہیں کیاگیا۔