کراچی(ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق سندھ کے مرکزی شہر کراچی کے علاقے شفیق کالونی لیاری ندی کے قریب ہونے والا پولیس مقابلہ جعلی نکلا جس کے بعد دو پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا، مقابلے میں بے گناہ فیکٹری ملازم جاں بحق ہوا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شفیق کالونی میں گزشتہ روز دو پولیس اہلکاروں نے نوجوان کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا، بے گناہ شہری کی ہلاکت پر تھانہ گبول ٹاؤن میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہوانے والا اسماعیل تولیہ فیکٹری میں کام کرتا تھا اور کھانا کھانے کیلئے لنچ ٹائم میں گھر آیا تھا۔
پولیس حکام نے غفلت برتنے پر دو اہلکاروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقتول کے چچا کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ پولیس اہلکاروں نے ڈاکو قرار دیکر معاملہ دبانے کی کوشش کی تو لواحقین نے احتجاج کیا۔