کراچی ( ہمگ نیوز) کراچی میں جبری گمشدگی کے خلاف لواحقین نے عیدالاضحیٰ کے پہلے روز کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انھوں نے تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد انسانی حقوق کی تظیموں کے رہنماؤں اور کارکنان سے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے لاپتہ افراد کے لواحقین نے ویڈیو پیغامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پیاروں کی گمشدگی کی وجہ سے وہ عید نہیں مناسکتے ہیں۔ کیونکہ وہ انتہائی اعصابی اور مالی مشکلات سے گزر رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے عید منانا ممکن نہیں ہے۔ لواحقین نے عوام سے اپیل کی وہ احتجاج میں بھرپور شرکت کرکے ان کے پیاروں کی بازیابی میں ان کا ساتھ دیں۔ کراچی سے لاپتہ ہونے والے جبری گمشدگیوں کے شکار افراد کی لواحقین نے اپنے پیاروں کی بازیابی کا مطالبہ بھی دھرایا ہے ۔دوسری جانب بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی اور وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے عید کے روز کراچی پریس کلب کے باہر لاپتہ افراد کے لواحقین کی جانب سے ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے انسان دوست لوگوں سے زیادہ سے زیادہ شرکت کرنے کی بھی اپیل کی ہے ـ