سه شنبه, مارچ 10, 2026
Homeخبریںکراچی ٹارگٹ کلنگ میں MQM لندن ملوث ہے:پاکستان رینجرز

کراچی ٹارگٹ کلنگ میں MQM لندن ملوث ہے:پاکستان رینجرز

کراچی (ہمگام نیوز ڈیسک) پاکستانی فوج ،(سندھ رینجرز ) نے (MQM) پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی (PSP) کے کارکنوں پر حملہ کرنے والے مبینہ 8 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرنے کا دعوی کرتےہوئے کہا ہے کہ مبینہ ٹارگٹ کلرز کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ رینجرز کے کرنل فیصل اعوان نے کہا کہ دسمبر2018 سے لے کر فروری 2019 تک کراچی میں ان کے بقول دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے ایسے واقعات رونما ہوئے جن کا مقصد نہ صرف کراچی کے امن کو تباہ کرنا تھا بلکہ شہر کا بہتر ہوتا ہوا سیاسی، معاشی اور ثقافتی منظر بھی خراب کرنا تھا۔

کرنل فیصل نے کہا کہ کراچی میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 8 ملزمان کوگرفتار کرلیا گیا جن کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ان دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو ایم کیو ایم لندن سے وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ان ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ ان ٹارگٹ کلرز کو جنوبی افریقہ میں موجود محمد سلیم عرف سلیم بیلجیم، الطاف حسین کی ہدایات پر لندن سے کنٹرول کر رہا ہے۔

کرنل فیصل نے کہا کہ سلیم بیلجیم کا اصل نام محمد سلیم عرف سلیم بیلجیم عرف جنرل عرف کمانڈر اِن چیف ہے جو کہ ٹارگٹ کلنگ کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہے اور سلیم بیلجیم کو 2011 میں رینجرز نے گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیا تھا لیکن مقدمے کی پیروی کے دوران بیرون ملک چلا گیا اور لندن، بیلجیم اور جنوبی افریقہ میں ایم کیو ایم لندن کی پشت پناہی اور سرپرستی کرتا ہے۔

گرفتار ملزمان سے تفتیش کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرغنہ آصف پاشا عرف میجرہے جو ابھی تک مفرور ہے اور ماضی میں ایم کیو ایم ڈیفینس کلفٹن سیکٹر کا انچارج رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آصف پاشا عرف میجر نے سلیم بیلجیم اور الطاف حسین کی ہدایات پر یہ ٹارگٹ کلنگ ٹیم تشکیل دی اور نومبر 2018 میں سلیم بیلجیم سے دبئی میں ملاقات بھی کی جبکہ ٹارگٹ کلنگ ٹیم کے ہمراہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی ان کارروائیوں کے دوران سلیم بیلجیم کے ساتھ وٹس ایپ کالز پر بھی رابطے میں تھا اور وقتاً فوقتاً انٹر نیٹ ڈیوائسز کے ذریعے میسجز اوراحکامات وصول کرتا تھا۔

کرنل فیصل نے کہا کہ باہمی رابطے کیلئے یہ ملزمان موبائل سم کا استعمال نہیں کرتے تھے جس سے ان کو پکڑے جانے کا اندیشہ تھا اس لیے ہہ تمام ملزمان آپس میں رابطے کے لیے انٹرنیٹ ایپلی کیشنز بشمول واٹس ایپ کا استعمال کرتے تھے جس میں زیادہ تر نمبر برطانیہ کے ہوتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سلیم بیلجیم ایم کیو ایم لندن سیکریٹریٹ کی ہدایات پرکراچی میں موجود ٹارگٹ کلرز کو اسلحہ، ایمونیشن اورمالی معاونت فراہم کر رہا ہے تاکہ ایم کیو ایم لندن مخالف قوتوں کو نشانہ بنایا جا سکے جبکہ مالی معاونت اور رقم کی ترسیل کے لیے مختلف مواقع پر نامعلوم افراد اور خواتین کی مدد سے حاصل کی اور ان ملزمان کی گفتگو زیادہ تر کوڈ ورڈز میں ہوا کرتی تھی۔

ملزمان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گرفتارملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرائم کا اعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ایم کیو ایم لندن سیکریٹریٹ کی ہدایت پر سلیم عرف بیلجیم نے کراچی میں2018 میں ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیوں کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی تاکہ ایم کیو ایم لندن مخالف تنظیموں کی قیادت اور کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے واقعات کیے جائیں جس کا مقصد کراچی کے امن کو نقصان پہنچانا تھا اور گزشتہ چند ماہ میں رونما ہونے والے واقعات اسی سلسلے کی کڑی تھے۔

رینجرز نے اپنے بیان میں کہا کہ ان تمام ٹارگٹ کلرز کی ہٹ لسٹ پر مختلف سیاسی جماعتوں بالخصوص ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی کے سیاسی کارکن، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، پی ایس پی کی قیادت اور ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے اراکین بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز