چهارشنبه, اکتوبر 9, 2024
Homeخبریںکراچی "کے ڈی اے" کے دفتر میں ملازمین کے درمیان جھگڑے کے...

کراچی “کے ڈی اے” کے دفتر میں ملازمین کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ، 2 افراد جان بحق، ایک زخمی

کراچی (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق کراچی میں سوک سینٹر میں کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے دفتر میں ملازمین کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں دو اسسٹنٹ ڈائریکٹرز جاں بحق اور ایک سپرینٹنڈنٹ زخمی ہوگیا۔

نیوٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او صفدر بروہی کا کہنا تھا کہ واقعے سوک سینٹر میں کے ڈی اے کے دفتر میں پیش آیا جہاں دو افسران جاں بحق ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق افسران میں اسسٹنٹن ڈائریکٹر کے ڈی اے 54 سالہ محمد وسیم عثمانی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے ڈی اے 53 سالہ وسیم رضا شامل ہیں۔

ایس ایچ او نیوٹاؤن نے کہا کہ فائرنگ کے واقعے میں سپرینٹنڈنٹ کے ڈی اے 54 سالہ حفیظ زخمی ہوا اور انہیں ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

صفدر بروہی کا کہنا تھا کہ تمام افسران ایک کمرے میں بیٹھتے تھے جبکہ جھگڑے کی اصل وجوہات زخمی افسر کے بیان کے بعد واضح ہوجائے گی۔

ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ سوک سینٹر میں آپسی جھگڑے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس سے بھگدڑ مچ گئی اور متعدد افراد زخمی ہوئے تاہم بعد ازاں ایک افسر دم توڑ گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے آئی آئی چند ریگر روڈ پر پولیس نے غلط فہمی میں ڈاکو سمجھ کر موٹر سائیکل سواروں پر فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

پولیس سرجن قرار احمد عباسی نے کہا تھا کہ جاں بحق ہونے والے شخص کو ایک گولی لگی تھی جو اس کے ہاتھ کو چیرتی ہوئی سینے تک پہنچ گئی تھی اور مہلک ثابت ہوئی۔

پولیس سرجن کے مطابق وقار کو بھی ہاتھ پر گولی لگی لیکن انہیں طبی امداد دے کر ہسپتال سے رخصت کردیا گیا۔دوسری جانب ڈسٹرک انسپکٹر جنرل جنوب جاوید اکبر ریاض نے بتایا تھا کہ اہلکاروں نے افراد کو مشتبہ سمجھ کر ان پر فائرنگ کی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ تینوں پولیس کانسٹیبلز ہیں جن کی شناخت عمران حبیب، سرفراز اور عمران کے نام سے ہوئی اور انہیں تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز