سنندج ( ہمگام نیوز ) پاوہ سے تعلق رکھنے والے تین 16 سالہ نوجوان آرین محمودی، محمد ولید بیگی اور ہیژہ سلیمانی ایک ماہ سے پاوہ اور کرمانشاہ (کرماشان) کے سرکاری حراستی مراکز میں شدید تشدد کا شکار ہیں۔
ہیومن رائٹس آرگنائزیشن ہینگاو کی طرف سے موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق آرین محمودی، محمد ولید بیگی اور ہیژہ سلیمانی کو جبری اعتراف حاصل کرنے کے لیے قابض ایرانی آرمی آئی آر جی سی کے انٹیلیجنس حراستی مراکز میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
ایک باخبر ذریعے کے مطابق، یہ تین 16 سالہ نوجوان اپنی صحت کے لحاظ سے تشویشناک حالت میں ہیں۔
اس ذریعے نے عینی شاہدین کے حوالے سے مزید کہا: “کرمانشاہ انٹیلیجنس کور کے انٹیلی جنس حراستی مرکز سے ان بچوں کی منتقلی کے دوران، ان کے ہاتھوں اور چہروں پر چوٹوں اور زخموں کے نشانات دیکھے گئے”۔
آرین محمودی، محمد ولید بیگی اور ہیژہ سلیمانی کو IRGC انٹیلیجنس نے دسمبر 2022 کے دوسرے نصف میں پاوہ سے گرفتار کیا تھا اور ایک عرصے تک پوچھ گچھ اور تشدد کے بعد انہیں کرمانشاہ “میدان نافت” حراستی مرکز منتقل کر دیا گیا تھا۔
حال ہی میں، ہینگاو نے اس سال کے پہلے مہینے کے پہلے ہفتے کے دوران کردستان کے شہروں میں سرکاری فورسز کے ہاتھوں 18 سال سے کم عمر کے 11 بچوں اور نوعمروں کی گرفتاری کی رپورٹ جاری کیا ہے ۔