جمعه, نوومبر 29, 2024
Homeخبریںکرونا وائرس کے سنگین اثرات کا مقابلہ کرنے کیلئے 10 کھرب ڈالر...

کرونا وائرس کے سنگین اثرات کا مقابلہ کرنے کیلئے 10 کھرب ڈالر کا استعمال کرینگے: آئی ایم ایف

نیویارک (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے نتیجے میں رواں سال مشرق وسطی اور وسطی ایشیا کے علاقے میں اقتصادی نمو میں بڑی حد تک کمی دیکھی جا سکتی ہے۔

مالیاتی ادارے نے مزید کہا ہے کہ مذکورہ خطے میں درجنوں ممالک ہیں جنہوں نے معیشت پر کرونا وائرس کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے آئی ایم ایف سے مالی سپورٹ طلب کی ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق کرونا وائرس کا پھیلاؤ ایک بڑا چیلنج ثابت ہو گا بالخصوص مشرق وسطی، وسطی ایشیا اور اُن ممالک کے لیے جن کو جنگ نے برباد کر ڈالا ہے۔ ان میں عراق، سوڈان اور یمن شامل ہیں۔

عالمی مالیاتی فنڈ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے سنگین اثرات کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں اپنی قرض دینے کی مکمل گنجائش (تقریبا 10 کھرب ڈالر) کا استعمال کرے گا۔

آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیفا نے پیر کے روز جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ تمام ممالک پر یہ ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کرونا وائرس کے نتیجے میں جانی اور اقتصادی نقصان پر روک لگانے کے لیے تعاون کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال عالمی معیشت کو درپیش اقتصادی صورت حال کسی طرح بھی 2008 کے عالمی مالیاتی بحران سے کم سنگین نہ ہو گی۔

کرسٹالینا کے مطابق کرونا وائرس کے خلاف مختلف ممالک کی جانب سے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات محض ان ممالک کے مفاد میں نہیں بلکہ یہ پوری دنیا کے اقتصادی نظام کے حق میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز