کوئٹہ (ہمگام نیوز) بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 4631ویں روز بھی جاری رہا۔
اس موقع پر ثانیہ اور پرہاد نے کیمپ کا دورہ کرکے لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے اور تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب جبری لاپتہ کامران خان کے والد اور بھائی نے مسلسل دوسرے روز بھی احتجاجی کیمپ میں شرکت کرکے ان کی باحفاظت بازیابی کے لیے احتجاج ریکارڈ کرایا۔
لواحقین کے مطابق کامران خان کو یکم اپریل 2026 کو کوئٹہ کے علاقے کشمیر آباد کوئٹہ سے پاکستانی اداروں کے اہلکاروں نے تفتیش کے بہانے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔ ان کا کیس متعلقہ کمیشن میں زیرِ سماعت ہے، جبکہ لواحقین نے اعلیٰ حکام سے بھی رابطہ کیا ہے۔ تاہم نہ کامران خان کو بازیاب کرایا گیا ہے اور نہ ہی خاندان کو ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی گئی ہیں، جس کے باعث اہلِ خانہ شدید ذہنی کرب و اذیت سے دوچار ہیں۔
لواحقین نے حکومت اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ کامران خان کی باحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے اور اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کامران خان سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خاتمے، لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے اور بلوچ افراد کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور عملی اقدامات اٹھائے۔


