کوئٹہ(ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم آغا و دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں پچھلے ایک ماہ سے پانی کا بحران ہے اور واسا کی جانب سے پانی کی سپلائی بند ہے جس کی وجہ سے شہر میں لوگ پینے کے پانی کیلئے پریشان ہیں۔
انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم آغا نے کہا کہ پانی کم ہونے کے سبب ٹینکرز مافیاز کا شہر پر اس وقت راج ہے اور تعجب کی بات ہے کہ سینکڑوں سرکاری ٹیوب ویل شہر کے پانی کی ضرورت کو پورا نہیں کرسکتی اور چند پرائیویٹ ٹیوب ویل اور ٹینکر مافیا پورے شہر کے پانی کی ضرورت کو پورا کر رہے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہم پی ایچ ای اور واسا سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ شہر میں پانی کے بحران کو ختم کرنے کا نوٹس لے اور اور ٹینکر مافیا کیخلاف کارروائی کریں تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکے بصورت دیگر ہم انجمن تاجران بلوچستان کوئٹہ شہر میں سخت احتجاج کا اعلان کرینگے اور اگر پھر بھی پانی کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو تمام قومی شاہرائیں بند کرنے کا اعلان کرینگے۔