کوئٹہ(ہمگام نیوز)بی ایل اے کے ترجمان میرک بلوچ نے کہا ہے کہ جمعرات کی صبح فورسز نے قلات کے مختلف علاقوں میں ہمارے کیمپ پرحملہ کیا اور فورسز کو فضائی مدد بھی حاصل تھی فورسز نے کیمپ کے گھیرا کی بھر پور کوشش کی جسے بی ایل اے کے سرمچاروں نے ناکام بنادیا،بی ایل اے کوئٹہ میں 2افراد کو قتل کرنے کی ذمہ داری قبول کرتی ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کی رات نامعلوم مقام سے سیٹلائٹ فون پراین این آئی کو بتائی۔ ترجمان نے کہا کہ فورسزاورسرمچاروں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ دن بھر جاری رہاریاستی فورسز کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ناکامی کے بعد فورسز نے علاقے کی عام آبادی کو نشانہ بنانا شروع کیا جس میں معصوم بچوں ، عورتوں اور عام بلوچوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق بلوچ عوام پر بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے وسیع علاقہ ہونے کی وجہ سے فوری طور پر نقصانات کی اطلاعات ممکن نہیں جیسے ہی اطلاعات ملیں گی بلوچ عوام کو حقائق سے آگاہ کردیا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ بی ایل اے کے سرمچاروں نے جمعرات کو ہی کوئٹہ کے علاقے ڈگری کالج کے قریب سیکورٹی فورسز کیلئے کام کرنے والے 2افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جس کی ذمہ داری ہم قبول کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ دونوں افراد خفیہ طور پر سیکورٹی فورسز کیلئے بلوچ علاقوں میں کام کر رہے تھے جنہیں اپنے عبرتناک انجام تک پہنچایا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ جو بھی شخص بلوچ دشمنی میں ملوث ہوگا اسکا یہی انجام ہوگا۔