کوئٹہ (ہمگام نیوز)بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے گذشتہ روز کوئٹہ سول ہسپتال میں ہونے والے دھماکے میں وکلاء ،صحافیوں سمیت دیگر لوگوں کی شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقع انسانی تاریخ میں میں دہشتگردی کی بد ترین مثال ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کل کے اس المناک واقع میں بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر بلال انور کاسی ، بلوچستان بار اسیوسی ایشن کے سابق صدرو سینئر وکیل باز محمد کاکڑ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما ڈاکٹرجہانزیب جمالدینی کے صاحبزادے ایڈوکیٹ سنگت جمالدینی سمیت 71وکلاء، ججز، طالب علم و دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی شہادت بلوچستان کی تاریخ میں سب سے بڑی المیہ ہے ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بلوچستان میں شرح خواندگی پہلے سے نہ ہونے کے برابر ہے تعلیمی ادارے نہ ہو نے کے سبب انتہائی محدود پیمانے میں لوگ یونیورسٹیز تک رسائی حاصل کرکے اعلی تعلیم حاصل کرتے ہیں لیکن محدود پیمانے پر اعلی تعلیم حاصل کرنے والے طبقہ کو بھی ایک عرصے سے نشانہ بنایا جارہاہے۔کل کے ہونے والے واقعے میں انتہاپسندوں نے ایک خاص منصوبے کے تحت دن دھاڑے سب سے پہلے بار ویسوسی ایشن کے صدر بلال انور کاسی کو گھر کے قریب گھات لگا کر شہید کیا گیا اور اس کے بعد سول ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کے گیٹ پر موجود 70سے زائد وکلاء،ججز،صحافیوں اور نہتے لوگوں کو شہید کرکے بلوچستان کی کمرتوڑدی ہے۔بلوچستان میں گذشتہ کئی سالوں سے تعلیم یافتہ طبقے کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔کوئٹہ جیسے چھوٹے شہر میں تسلسل کیساتھ اس طبقے کو نشانہ بنانا حکومت کیلئے سوالیہ نشان ہے ۔ کل کوئٹہ میں رونما ہونے والے واقعے سے ثابت ہوگئی ہے کہ انتہا پسند گرو ہیں بلوچستان میں تعلیم یافتہ طبقے کو کسی مخصوص منصوبے کے تحت نشانہ بنارہی ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ اس سخت حالات میں بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی وکلاء برادری اور شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہے اورصوبائی و وفاقی حکومت سے التماس کرتی ہے کہ واقع کی اصل محرکات کو عوام کے سامنے لاکر اس واقع میں ملوث انتہا پسند گروہوں کو کیفر کراد تک پہنچایا جائے جبکہ وکلاء برادری سمیت بلوچستان کے طالب علم ، ٹیچرز، صحافی، ججز، ڈاکٹر ز سمیت تمام شعبہ جات کے لوگوں سمیت ایسے مقامات پر سیکورٹی کو یقینی بنا کر اس طرح کی کاروائیوں کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات اُٹھائے جائیں تاکہ بلوچستان کے مستقبل کو تاریکی جانب لے جانے والوں کے عزائم کو ناکام بنائیں ۔