کوئٹہ (ہمگام نیوز)کوئٹہ کے علاقے بروری روڈ پر ایف سی چیک پوسٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 4 ایف سی اہلکار اور ایک بچہ زخمی ہوگیا۔ریسکیو حکام کے مطابق دھماکا جوائنٹ روڈ کے قریب مرکزی چوک پر فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کی چیک پوسٹ کے قریب ہوا۔
دھماکا زوردار تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور علاقے کے لوگ خوفزدہ ہوگئے۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جس میں 4 سے 5 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کردیا۔زخمی ایف سی اہلکاروں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔