بوگوٹا (ہمگام نیوز) غزہ کی پٹی پراسرائیلی جنگ کی وجہ سےتل ابیب کو عالمی سطح پر تنہائی کا سامنا ہے، تازہ پیش رفت میں کولمبیا نے اسرائیل کے ساتھ سفاتی تعلقات منقطع کرلیے ہیں۔
کولومبیا کے صدر گسٹاو پیٹرو نے گزشتہ روزمحنت کشوں کے عالمی دن کے موقعے پر اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ ان کا ملک غزہ میں مذموم اقدامات کی وجہ سے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دے گا۔
دارالحکومت بوگوٹا کے مرکز میں واقع بولیوار اسکوائر میں جمع ہزاروں افراد کے مجمعے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم جمعرات کو اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر لیں گے کیونکہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پردنیا کی خاموشی میں ہم چپ نہیں رہ سکتے۔
انہوں نےایکس پلیٹ فارم پرلکھا کہ خوراک کے انتظار میں اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے ہاتھوں 100 سے زیادہ فلسطینی مارے گئے، ہم اسے نسل کشی سمجھتے ہیں جو ہمیں ہولوکاسٹ کی یاد دلاتا ہے اگرچہ عالمی طاقتیں اسے تسلیم نہیں کرنا چاہتیں۔
اسی وجہ سے ہم نے اسرائیل سے ہر طرح کے ہتھیاروں اور ان کے پرزوں کی خریداری روک دی ہے کیونکہ اسرائیل کے حملے فلسطینی عوام کا قتل عام ہیں۔