گوادر(ہمگام نیوز) عیدالفطر کے موقع پر ایران سے غیر قانونی طور پر سمندری راستوں کے ذریعے مشرقی بلوچستان میں آنے کا اندیشہ ہے جس سے وبا پھیلنے کا شدید خطرہ ہے۔
سمندری راستوں سے متعدد افراد بغیر کسی سکیورٹی چیک اپ کے ایران سمیت پاکستان کے دوسری کئی علاقوں سے گوادر پہنچ کر شہر میں گھوم رہے ہیں جو انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر گوادر کیپٹن محمد وسیم کے مطابق متعدد افراد کو گرفتار کرکے قرنطینہ سینٹرز میں بند کیا گیا ہے، جن میں سے 6 افراد میں کورونا مثبت رپورٹ آ چُکا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہری ماسک یا چادر کا استعمال کریں بغیر چادر یا ماسک کے شہر میں گھومنے والے افراد پر سخت کاروائی کی جائے گی اور انہیں قرنطینہ کیا جائے گا۔
ایس ایچ او گوادر طلال گچکی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر گوادر میں عید کے موقع پر سارے اجتماعات، تفریحات اور میلوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، انہوں شہریوں سے درخواست کی کہ گوادر کے لوگ عید سادگی سے منائیں۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے پر سخت سے سخت ایکشن عمل میں لایا جائے گا۔