ہرنائی (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے علاقے ہرنائی اور گردو نواح میں پاکستانی فوج کی جارحیت پچھلے دو دنوں سے جاری، ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ سے دو افراد شہید ہوگئے، دیگر دو افراد کو زخمی حالت میں قابض فوج نے اغواء کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ہرنائی، گلو شاہ کے پہاڑی علاقوں اور کوہ ڈُنگاں میں قابض پاکستانی فوج نے جارحیت کے دوران فائرنگ اور شیلنگ کرکے مُہران خالوانی مری اور مُرید خالوانی مری کو شہید کردیا۔ دونوں کی لاشیں قابض فوج نے ہرنائی ہسپتال منتقل کردیں۔ جارحیت کے دوران قابض پاکستانی فوج نے دین احمد مری اور حامو مری کو شدید زخمی حالت میں اغواء کرلیا۔
دوران جارحیت پاکستانی فوج نے بڑی تعداد میں خواتین کو بھی اغواء کرلیا۔ علاقے میں مال داروں کی مال مویشی کی لوٹ مار بھی تاحال جاری ہے۔
علاقائی ذرائع سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ پاکستانی قابض فوج کی جارحیت میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد مالدار تھے۔ علاقائی ذرائع سے مزید یہ معلومات موصول ہوئی ہیں کہ پاکستانی فوج کو جارحیت کے لئے فضائی مدد فراہم کرنے کے لئے مزید دو ہیلی کاپٹر بھی کوہ ڈُنگاں میں پہنچ گئے ہیں۔ علاقائی ذرائع کے مطابق جس طرح کی تیاری دیکھی جارہی ہے گُمان کیا جارہا ہے کہ قابض فوج اس خونی جارحیت کو مزید وسعت دیگی اور بڑے پیمانے پر علاقے میں تباہی مچائے گی۔