Homeخبریںہمیں بھی امریکہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے:...

ہمیں بھی امریکہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے: بھارتی وزیرِ خارجہ

واشنگٹن (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی جانب سے بھارت میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزی کے بڑھتے واقعات پر بیان کے بعد بھارت نے بھی امریکہ میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزی پر تشویش ظاہر کی ہے۔

امریکہ کے وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے پیر کو واشنگٹن ڈی سی میں بھارت کے وزرائے خارجہ اور دفاع کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ امریکہ کو بھارت میں بعض ریاستی حکومتوں، پولیس اہل کاروں اور جیل انتظامیہ کی انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزی سمیت دیگر امور پر تشویش ہے اور امریکہ ان واقعات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ بھارت سے اس سلسلے میں تبادلہ خیال کرتا رہتا ہے۔

اس نیوز کانفرنس میں امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن اور بھارت کے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر اور وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ بھی موجود تھے۔ تاہم ان دونوں رہنماوں نے بلنکن کے بیان پر کوئی فوری ردِ عمل ظاہر نہیں کیا تھا۔ دونوں وزرا بھارت اور امریکہ کے درمیان ٹو پلس ٹو مذاکرات کے سلسلے میں اس وقت واشنگٹن میں تھے۔

خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق جے شنکر نے کہا ہے کہ بھارت کو بھی امریکہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے واقعات پر تشویش ہے۔

رپورٹ کے مطابق جب جے شنکر سے اینٹنی بلنکن کے بیان سے متعلق سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ہمارے بارے میں رائے رکھنے کا حق ہے۔ لیکن ہمیں بھی یکساں طور پر ان کی رائے پر اپنی رائے قائم کرنے کا حق ہے۔ ان کے بقول ہم بھی امریکہ سمیت دیگر ملکوں میں انسانی حقوق کے سلسلے میں رائے رکھتے ہیں۔

ایس جے شنکر نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ بھارت اور امریکہ کے وزرائے دفاع اور وزرائے خارجہ کے درمیان ٹو پلس ٹو مذاکرات میں انسانی حقوق کا معاملہ ایجنڈے میں نہیں تھا اور اس بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ جب بھی اس سلسلے میں گفتگو ہو گی تو نئی دہلی بھی اس پر بات کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اینٹنی بلنکن جب بھارت آئے تھے تب انسانی حقوق کے معاملے پر گفتگو ہوئی تھی۔ اگر آپ اس کے بعد کی پریس بریفنگ کو دیکھیں تو ہم نے اس معاملے پر کھل کر تبادلۂ خیال کیا تھا اور ہمیں جو کہنا تھا وہ کہا تھا۔

ان کے بقول امریکہ میں جب بھی انسانی حقوق اور خاص طور پر بھارتی برادری کے ساتھ کوئی مسئلہ ہوتا ہے تو ہم اس معاملے کو اٹھاتے ہیں۔

انہوں نے منگل کو نیویارک میں دو سکھ افراد پر حملے اور لوٹ مار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ابھی کل ہی ایسا ایک واقعہ پیش آیا ہے۔ اس سے چند روز قبل نیویارک میں ایک معمر سکھ پر بھی حملہ ہوا تھا۔

Exit mobile version