کوئٹہ (ہمگام نیوز)عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے پریس ریلیز میں گزشتہ روز اپوزیشن کی جانب سے تنقید کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہاگیا ہے کہ اے این پی نے ہمیشہ ہر فورم بالعموم پشتونوں اور بالخصوص پشتونخوا وطن کی حقوق کی جنگ لڑی ہے اور حقوق حاصل کرنے کی اس جنگ میں پارٹی سرخرو بھی ہوچکی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پارٹی شروع دن سے ہی حکومت میں رہتے ہوئے بھی اپوزیشن کا کردار ادا کررہی ہے جبکہ لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کی قرار داد بھی اسمبلی کے فلور پر عوامی نیشنل پارٹی پیش کرچکی ہے ۔ اپوزیشن کی جانب سے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صوبے کے اتنے اعلیٰ اور مقدس فورم کے ممبران ہوتے ہوئے بھی حالات سے بے خبر ہیں جبکہ صوبائی کابینہ کا اجلاس جس دن منعقد ہوا تھا اسی دن پارٹی کے پارلیمانی ممبران مرکزی الیکشن کے لئے پشاور میں موجود تھے ۔ مزید براں عوامی نیشنل پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے پشتونخوا وطن کے وسائل پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ کبھی کرے گی ۔ بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ ادوار میں ہم نے دیکھا ہے کہ جب اسلام پرست اور نام نہاد قوم پرست جماعتیں اقتدار میں ہوتیں تو کرپشن اور کمیشن کی آڑ میں اسلامی اقدار اور پشتونوں کے حقوق مکمل طور پر بھول جاتے اور آج اپنے گزشتہ ادوار کی نااہلی چھپانے کی کوشش کررہی ہیں ۔ عوامی نیشنل پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو اپنے مادر وطن کے حقوق کا دفاع کرسکتی ہے ۔