Homeخبریںہنگامی انٹرنیٹ فراہمی کیلئے سٹار لنک کے درجنوں ریسیور ایران سمگل کردئیے:...

ہنگامی انٹرنیٹ فراہمی کیلئے سٹار لنک کے درجنوں ریسیور ایران سمگل کردئیے: رپورٹس

تہران ( ہمگام نیوز) “ٹائم” میگزین کی ایک رپورٹ کے مطابق “اسٹار لنک” کی سیٹلائٹ سروس کے لیے ایران میں اینٹینا سمگل کر دئیے گئے ہیں ۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ اگر ایرانی حکام انٹرنیٹ بند کر دیتے ہیں تو انٹرنیٹ کو بیک اپ کنکشن فراہم کیا جا سکے۔

امریکی ارب پتی ایلون مسک جن کی کمپنی سپیس ایکس کے اپنے سیٹلائٹس ہیں نے گزشتہ ماہ ایران کے اوپر اپنے سیٹلائٹس کو فعال کردیا تھا۔ امریکی میگزین کے مطابق امریکی حکومت نے ایران میں حالیہ مظاہروں کی حمایت کے لیے ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے وہاں کام کرنے کی راہ ہموار کی تھی۔

جمعہ کو سی این این نے رپورٹ کیا تھا کہ وائٹ ہاؤس نے ایلون مسک کے ساتھ ایران کو سیٹلائٹ انٹرنیٹ فراہم کرنے کے امکان پر بات چیت کی ہے۔

نیٹ ورک نے کہا کہ یہ بات چیت اس وقت ہوئی ہے جب امریکی صدر بائیڈن کی انتظامیہ ایرانی احتجاجی تحریک کی حمایت کرنے کے طریقے تلاش کر رہی ہے ۔

ایران میں سرگرم کارکنوں نے ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ سروسز میں رکاوٹ کی شکایت کی ہے ۔ اس رکاوٹ کا مقصد بیرونی دنیا تک مظاہرین کی رسائی کو منقطع کرنا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک سٹار لنک ریسیور ایک گھر کی چھت پر سگنل تلاش کر رہا ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ تہران میں ہے۔

2020 کے آخر میں شروع کی گئی سٹار لنک سیٹلائٹ سروس ان علاقوں میں صارفین کو تیز انٹرنیٹ سروس فراہم کرتی ہے جہاں فکسڈ اور موبائل ٹیریسٹریل انٹرنیٹ نیٹ ورک کمزور ہیں۔ سٹار لنک سیٹلائٹس زمین کے کم مدار میں رکھے گئے ہیں۔

Exit mobile version