صنعا(ہمگام نیوز) یمنی حکومت نے حوثی باغیوں کی جانب سے دارالحکومت صنعا کے شمال میں واقع فوجی اڈے پر قبضے کے بعد حوثیوں سے براہ راست امن مذاکرت معطل کر دیے ہیں۔
عمران صوبے کے عمالقہ فوجی اڈے پر ہونے والے حملے میں بہت سے فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والے امن مذاکرات میں حکومت کی جانب سے شرکت کرنے والے مندوبین کے سرابرہ اور یمن کے وزیر خارجہ عبدالمالک المخلفی نے کہا ہے کہ حملے نے مذاکرات میں شگاف کر دیا۔
طرفین نے ایک دوسرے پر 20 دنوں سے جاری جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزام لگائے ہیں۔
تاہم گذشتہ روز سنیچر کو اقوام متحدہ نے امن مذاکرات کے سلسلے میں کہا تھا کہ بعض روکاوٹوں کے باوجود سیاسی افہام وتفہیم کے مثبت اشارے مل رہے ہیں۔
خیال رہے کہ یمن میں تقریباً ایک سال سے جاری لڑائی کے بعد 11 اپریل سے جنگ بندی کا آغاز ہوا تھا اور اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل شیخ احمد نے جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ ملک کی ازسرِ نو تعمیر کا بہترین موقع ہے۔
یمن میں موجود حوثی باغی جنھیں ایران کی حمایت حاصل ہے اور جو یمنی حکومت کو ختم کرنا چاہتے ہیں، انھوں نے بھی اس معاہدے کی پاسداری کا اعلان کیا تھا۔
یمن میں جنگ نے انسانی زندگی پر تباہ کن اثرات مرتب کیے ہیں، جہاں آج ہر پانچ میں سے چار افراد کی زندگی کا انحصار امداد پر ہے۔ یمن عرب دنیا کے غریب ممالک میں سے ایک ہے۔ ‘