یکشنبه, نوومبر 24, 2024
Homeخبریںیورپی پارلیمانی وفد کے انتباہی ٹوئٹس، کیا پاکستان کا 'جی ایس پی...

یورپی پارلیمانی وفد کے انتباہی ٹوئٹس، کیا پاکستان کا ‘جی ایس پی پلس’ اسٹیٹس خطرے میں ہے؟

پیرس ( ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے پارلیمانی وفد نے اپنے حالیہ دورۂ پاکستان کے بعد متنبہ کیا ہے کہ اگر پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتِ حال بہتر نہ ہوئی تو اس کو حاصل تجارتی مراعات پر مبنی جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی تجدید کا امکان کم ہو سکتا ہے۔یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو حاصل ‘جی ایس پی پلس’ کی ترجیحی تجارتی سہولت کے تحت پاکستان کو یورپی منڈیوں تک آسان رسائی کے علاوہ ٹیکسز میں بھی چھوٹ حاصل ہے۔ پاکستان اپنی برآمدات کا 31 فی صد صرف یورپی یونین کو برآمد کرتا ہے۔
پاکستان کو یورپی یونین کی طرف سے حاصل ہونے والی ترجیحی تجارت کی سہولت کی 31 دسمبر 2023 کو ختم ہونے والی مدت کے لیے نظرِ ثانی کا عمل جاری ہے اور اسی ضمن میں یورپی پارلیمانی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔وفد میں شامل ایک رکن لوئیس گاریکانو نے پاکستان کے دورے سے واپسی کے بعد متعدد ٹوئٹس میں پاکستان کو جی ایس پی پلس کے تحت تجارتی رعایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خواتین، اقلیتی برادری کے حقوق کے ساتھ آزادیٔ صحافت کی صورتِ حال کو بہتر کرنے کی طرف کوئی پیش رفت نہیں کی ہے۔پاکستان میں اقلیتی برادری کے تحفظ سے متعلق سوال اٹھاتے ہوئے گاریکانو نے کہا کہ مبینہ جبری شادیوں کے واقعات اب بھی رونما ہو رہے ہیں اور ملک میں آزادیٔ صحافت سکڑ رہی ہے
۔دوسری جانب پاکستان میں انسانی حقوق کمیشن کی سابق سربراہ زہرہ یوسف کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کی تشویش بجا ہے۔ان کے بقول گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان مین انسانی حقوق کی صورتِ حال بہتر نہیں ہوئی اور خاص طور پر مذہبی اقلیتی برادریوں کے لیے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ زہرہ یوسف نے کہا کہ اگر یورپی یونین نے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس کا اسٹیٹس ختم کر دیا تو پاکستان کے لیے اقتصادی مشکلات بڑھ سکتی ہے۔یاد رہے کہ یورپی یونین پاکستان کا ایک بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور پاکستان کی ٹیکسٹائل منصوعات سب سے زیادہ یورپی یونین کو برآمد کی جاتی ہیں۔یورپی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور یورپی یونین کو پاکستانی برآمدات کا 75 فی صد سے زائد ٹیکسٹائل مصنوعات پر مشتمل ہے۔بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو حاصل ترجیحی تجارت کی سہولت پر کسی قسم کی زد پڑنے کی صورت میں یورپی منڈی میں پاکستانی برآمدات ایک مشکل صورتِ حال سے دوچار ہو سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز