چهارشنبه, جنوري 8, 2025
Homeخبریںیورپی یونین نے پاکستانی شہریوں کی ویزہ کو'V' کیٹگری میں ڈال دیا

یورپی یونین نے پاکستانی شہریوں کی ویزہ کو’V’ کیٹگری میں ڈال دیا

لگزمبرگ(ہمگام نیوز ڈیسک) یورپی یونین کی طرف سے پاکستانیوں کے لیے یورپی ممالک کا ٹورسٹ ویزا حاصل کرنا اب تقریباً نا ممکن سا ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یورپی یونین نے پاکستانی شہریوں کو ”وی” کیٹگری میں ڈال دیا ہے جس کے تحت پاکستانی سیاحوں کے لیے یورپی ممالک کے دروازے بند ہو گئے ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی سیاحوں کے لیے یورپی یونین سمیت 26 ممالک کا ٹورسٹ ویزا حاصل کرنا مزید مشکل اور پیچیدہ ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق یہ اقدام صرف پاکستان کے ساتھ،ساتھ تھرڈ ورلڈ میں آنے والے تمام ممالک کے لیے کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کے شہری یورپ کا ویزا حاصل کرنے کے بعد اس کا غلط استعمال کرتے ہیں جبکہ کچھ لوگ تو ویزا کی میعاد ختم ہونے سے قبل سیاسی پناہ لینے کے لیے درخواستیں بھی جمع کرنا شروع کر دیتے ہیں۔

ایسا کرنے سے یورپی یونین کی معیشت اور ماحول پر بُرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اسی وجہ سے یورپی ممالک کا وزٹ ویزا حاصل کرنے کا عمل مزید مشکل بنا دیا گیا ہے۔ نئے طریقہ کار کے تحت اُمیدوار کو قابل اعتماد ثبوت پیش کرنا ہو گا۔ جبکہ دیگر کیٹگریز کا ویزا حاصل کرنے والے اُمیدواروں کو بھی مشکل طریقہ کار سے گزرنا پڑے گا۔ انہیں یورپی یونین کے ممالک میں آنے ، وہاں رہنے اور دیگر مطالبات پورا کرنے کے لیے قابل اعتماد ثبوت اور شواہد فراہم کرنا ہونگے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یورپی یونین ممالک کے ویزا مسترد ہونے کی شرح پاکستان میں پہلے سے ہی زیادہ ہے۔ جبکہ گذشتہ کچھ ماہ سے کئی ممالک نے ویزا درخواستیں بھی وصول کرنا بند کر دی ہیں۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان سے پہلے ہی کئی زیادہ ویزا درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ لہٰذا نئے اُمیدواروں کی درخواستیں تب ہی وصول کی جائیں گی جب ان درخواستوں کا فیصلہ ہو جائے گا۔
یورپی یونین کے ان 26 ممالک میں آسٹریا، چیک ریپبلک، ڈنمارک، اسٹونیا،فن لینڈ ، فرانس،جرمنی ، یونان، ہنگری، آئس لینڈ ، اٹلی، لوٹیا، لیتھونیا، لگزمبرگ، مالٹا، نیدرلینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، سلوواکیا، سلووینیا، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔ان Schengenممالک کے دورے کے لیے صرف ایک ہی ملک کا ویزا درکار ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز