واشکٹن(ہمگام نیوز)مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرائن میں موجود تمام امریکی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ روسی فوجی کارروائی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر فوری طور پر ملک چھوڑ دیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے متنبہ کیا ہے کہ مشرقی یورپ میں، ”بہت تیزی سے حالات خراب ہو سکتے ہیں ” اس لیے یوکرائن میں باقی بچے تمام امریکی شہریوں کو فوری طور پر ملک سے نکل جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ماسکو یوکرائن پر حملہ کرتا ہے تو اس صورت میں وہ امریکیوں کو بچانے کے لیے وہاں فوج نہیں بھیجیں گے۔
روس نے یوکرائن کی سرحد پر ایک لاکھ سے زیادہ فوجیوں کو جمع کر رکھا ہے تاہم اس کے باوجود وہ یوکرائن پر حملہ کرنے کے کسی بھی منصوبے کی تردید بھی کرتا رہا ہے۔ لیکن تازہ پیش رفت میں اس نے پڑوسی ملک بیلاروس کے ساتھ بڑے پیمانے پر فوجی مشقیں شروع کی ہیں اور یوکرائن نے روس پر یہ الزام بھی لگایا ہے کہ وہ سمندر تک اس کی رسائی کو روک رہا ہے۔
کریملن کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ’سرخ لکیریں‘ نافذ کرنا چاہتا ہے کہ سابق سوویت یونین کا اس کا ہمسایہ ملک یوکرائن نیٹو میں شامل نہ ہونے پائے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے یوکرائن میں موجود تمام امریکی شہریوں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر ملک چھوڑ دیں۔ صدر جو بائیڈن نے این بی سی نیوز سے بات چیت میں کہا، امریکی شہریوں کو فوری طور پر نکل جانا چاہیے۔