Homeخبریںیوکرین کشیدگی میں کمی لانے کیلئے ہر طرح کی مدد کو تیار...

یوکرین کشیدگی میں کمی لانے کیلئے ہر طرح کی مدد کو تیار ہیں،متحدہ عرب امارات

دبئی( ہمگام نیوز) مانیٹرنگ ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے یوکرین بحران کا پرامن حل تلاش کرنے کی کوششوں میں اپنی ہر طرح کی مدد فراہم کرنے سے متعلق دیرینہ موقف کا اعادہ کیا ہے۔امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یو اے ای مسئلہ کے حل کیلئے سفارت کاری، مذاکرات اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی پاسداری کی حمایت کرتا ہے۔خارجہ امور اور عالمی تعاون کے امور کی وزارت نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کا منگل کو روس کا دورہ بھی سلامتی کے حصول کیلئے امارات کی مسلسل کوششوں کے فریم ورک کے تحت ہی کیا جا رہا ہے۔ اس دورے میں وہ خطے اور پوری دنیا میں استحکام کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔امارات نیوز ایجنسی وام نے سرکاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس دورے کا مقصد علاقائی اور بین الاقوامی طاقتوں کے ساتھ نتیجہ خیز اور تعمیری تعاون کو بڑھانا اور یوکرین کے بحران سے متعلق تمام فریقوں کے ساتھ بات چیت کرنا ہے تاکہ اس بات چیت سے مثر سیاسی حل تک پہنچنے میں مدد مل سکے۔وزارت نے مزید کہا کہ دو طرفہ مذاکرات ہی یوکرین بحران سے متعلق بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی میں کمی لا سکتے۔ مذاکرات کے ذریعے سے ہی انسانی نقصان میں کمی لائی جا سکتی۔ امارات عالمی امن اور سلامتی کے حصول کیلئے سیاسی تصفیہ تک پہنچنے کی کوشش میں مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

Exit mobile version