پنجشنبه, اکتوبر 10, 2024
Homeخبریںیوکرین کےعلاقے ڈونبس میں جنگ میں دوامریکی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق

یوکرین کےعلاقے ڈونبس میں جنگ میں دوامریکی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق

واشنگٹن (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے ہفتے کے روز یوکرین کے مشرقی علاقے ڈونبس میں دوامریکی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔روسی فوج نے فروری میں یوکرین پر چڑھائی کے بعد اب ڈونبس پر اپنی توجہ مرکوز کررکھی ہے اوروہاں یوکرینی فوج کے خلاف بھاری توپ خانے سے گولہ باری اور فضائی بمباری کررہی ہے۔
یوکرین نے روسی فوج کے خلاف لڑائی کے لیے بین الاقوامی رضاکاروں پرمشتمل ایک فورس بھی تشکیل دی ہے۔ان غیرملکیوں کی سابقہ فوجی تربیت مختلف درجے کی ہے۔تاہم امریکی محکمہ خارجہ نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا یوکرین میں کام آنے والاجوڑا وہاں جنگی مقاصد کے لیے گیا تھا یا کوئی اورکام کررہا تھا۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم دونوں سوگوار خاندانوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اورانھیں ہر ممکن قونصلرامداد مہیا کررہے ہیں۔انھوں نے مزید واضح کیا کہ اس مشکل وقت میں وہ خاندانوں کے احترام کے پیش نظر مزید کوئی معلومات فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔

دریں اثناء امریکی صدر جو بائیڈن اورمحکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کوجنگ میں حصہ لینے کے لیے یوکرین کا سفر کرنے سے خبردارکیا ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین میں بہت سے غیرملکی جنگجوؤں کے جنگی محاذ پر لڑنے،ان میں سے بعض کی ہلاکتوں، پکڑے جانے یالاپتاہونے کی مسلسل اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
فروری میں روس کے جارحانہ حملے کے بعد یوکرین میں جنگ میں اب تک دو اورامریکیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
روس نے کہا ہے کہ جون میں یوکرین کے مشرق میں قیدی بنائے گئے دو اورامریکیوں، کو پھانسی کا سامنا ہو سکتا ہے۔یہ دونوں سابق فوجی ہیں۔
ان کے علاوہ یوکرین کے ماسکو کے زیرانتظام مشرقی علاقے عوامی جمہوریہ دونیتسک میں روس کے گمشاتہ حکام نے دو برطانوی افراد اور ایک مراکشی شخص کو سزائے موت سنائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز